شیخوپورہ میں سیشن عدالت کو تالا لگانے والے3وکلا کی رکنیت معطل

شیخوپورہ میں سیشن عدالت کو تالا لگانے والے3وکلا کی رکنیت معطل

لاہور(نامہ نگار خصوصی )شیخوپورہ میں سیشن عدالت کو تالا لگانے والے3وکلا کی رکنیت معطل کردی گئی۔ شیخوپورہ میں ایڈیشنل سیشن جج حضر حیات نے 2روز قبل ملزم کی ضمانت میرٹ پر خارج کی اوروکلا کی سفارش ماننے سے انکار کیا ،جس کے بعد تین وکلا نے عدالت کو تالا لگادیا تھا،شیخوپورہ بارایسوسی ایشن نے معاملہ کی انکوائری کرنے کے بعد تینوں وکلا کوذمہ دارٹھہراتے ہوئے ان کی بار ایسوسی ایشن کی رکنیت معطل کرکے داخلے پرپابندی لگادی ہے جن وکلا ء کی رکنیت معطل کی گئی ان میں ایڈووکیٹ عمران،عبدالروف اور وہاب عالم شامل ہیں جبکہ شیخوپورہ بار نے تینوں وکلا ء سمیت دیگروکلاء کے خلاف کارروائی کے لئے پنجاب بارکونسل کوریفرنس بھجوادیاہے اور اس واقع کی تحقیقات کے لئے شیخوپورہ ڈسٹرکٹ بار نے بھی ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں شیخوپورہ بار کے سابق صدور محمد رمضان ہنجرا، چودھری محمد اکبر ورک اور رانا سیف اللہ خان شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ایڈیشنل سیشن جج شیخوپورہ خضر حیات گوندل کی عدالت نے مقامی وکیل عمران الحق تتلہ کی ضمانت خارج کرنے کے لئے دائر درخواست مسترد کردی تھی جس پر مذکورہ وکیل اور اس کے ساتھیوں نے 24جون کو عدالتی امور میں رکاوٹ ڈالتے ہوئے مذکورہ عدالت کو تالا لگا دیاتھاجس کے بعد چیف جسٹس کی جانب سے مذکورہ واقعہ کا سخت نوٹس لیا گیا جس کے بعدڈسٹرکٹ بار شیخوپورہ نے واقعہ میں ملوث وکلاء کے خلاف کارروائی کی ہے۔

رکنیت معطل

مزید : صفحہ آخر