بی بی سی کی رپورٹ پر قانونی کارروائی کرنا حکومت کا فرض ہے،حامد رضا

بی بی سی کی رپورٹ پر قانونی کارروائی کرنا حکومت کا فرض ہے،حامد رضا

لاہور( نمائندہ خصوصی) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم مخالف بی بی سی رپورٹ پر قانونی کاروائی کرنا حکومت کا فرض ہے۔ملک بچانے کیلئے بڑے اور مشکل فیصلوں کا وقت آگیا ہے۔پنجاب میں بھی کرپشن کے خلا ف آپریشن کلین اپ کیا جائے۔حکومت مجرموں کو ملک سے بھاگنے سے روکے۔ پاکستان کی سیاسی جماعت کا بھارت کے ہاتھوں استعمال ہونا ملک سے غداری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمن آباد میں سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے میڈیا سیکرٹری راؤ حسیب احمد کی رہائشگاہ پر افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ حکومت کو بیرونی بینکوں میں پڑی قومی دولت واپس لانے کا پابند بنائے۔عوام کی ضرورت میٹر و نہیں بجلی ہے۔بھارتی سازشوں کے توڑ کیلئے حکومت کچھ نہیں کررہی ۔ عسکری ونگ رکھنے والی جماعتوں پر پابندی لگائی جائے۔حکومت ناجائز منافع خوروں کو پکڑنے میں ناکام ہو چکی ہے۔زرداری کے شور مچانے سے کچھ نہیں ہو گا۔غدارانِ پاکستان کو سختی سے کچلا جائے۔ایم کیو ایم کے خلاف بی بی سی رپورٹ کی تحقیقات کر وائی جائے۔ افطار ڈنر سے مفتی محمد حسیب قادری ، حاجی رانا شرافت علی قادری ، صاحبزادہ معاذ المصطفیٰ قادری ، ڈاکٹر مفتی کریم خان، مفتی محمد رفیع چشتی و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

مزید : صفحہ آخر