کیڈٹ کالج حسن ابدال شاندار روایات کا حامل ہے ،رفیق رجوانہ

کیڈٹ کالج حسن ابدال شاندار روایات کا حامل ہے ،رفیق رجوانہ

لاہور( نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ کیڈٹ کالج حسن ابدال شاندار روایات کا حامل ہے اور اس عظیم درسگاہ نے تعلیمی میدان میں بھرپور انقلاب برپا کیے ہیں جس سے اس ملک کی تاریخ بدل گئی ہے۔ کیڈٹ کالج حسن ابدال نے نامور سیاستدان ، بیوروکریٹس، بزنس مین اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں کارہائے نمایاں انجام دینے والی شخصیات پیدا کیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیڈ ٹ کالج حسن ابدال میں بورڈز آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیئرمین پی او ایف لیفٹننٹ جنرل عمر محمود حیات ، پرنسپل میجر جنرل ریٹائرڈنجیب طارق ،کمشنر راولپنڈی کیپٹن ریٹائرڈزاہد سعید،ایڈیشنل سیکریٹری فنانس ڈیپارٹمنٹ ظہور حسین ، ایڈیشنل سیکریٹری ایجوکیشن پنجاب رانا حسن اختر،لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈایاز سلیم رانا، محمد عادل خٹک چیف ایگزیکٹو آفیسر اٹک ریفائنری، طارق رحیم انور سینئرکنٹرول آفیسرایشین ڈولپمنٹ بنک ،ذوالفقار حیات خان نے شرکت کی۔ پرنسپل میجر جنرل(ر) نجیب طارق نے گورنر پنجاب کو کیڈ ٹ کالج حسن ابدال میں نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے علاوہ کالج کے نتائج سے بھی آگاہ کیا۔ اجلاس میں کیڈ ٹ کالج حسن ابدال میں جاری مختلف منصوبوں ، تقرریوں اور بجٹ کی منظوری دی گئی۔گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے ایرو کیریا کا پودا بھی لگایا۔انہوں نے کالج کے پرنسپل اور ممبران بورڈ آف گورنرز کے ہمراہ کالج کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔

رفیق رجوانہ

مزید : صفحہ آخر