کراچی میں ہلاکتوں سے حکمرانوں کی نااہلی کھل کر سامنے آ گئی ،حافظ ادریس

کراچی میں ہلاکتوں سے حکمرانوں کی نااہلی کھل کر سامنے آ گئی ،حافظ ادریس

لاہور( نمائندہ خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہاہے کہ کراچی میں ہلاکتوں اور ملک بھر میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے حکمرانوں کی نااہلی کھل کر سامنے آ گئی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جامع مسجدمنصورہ میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔حافظ محمد ادریس نے اقوام متحدہ میں پاکستان کو دہشتگرد ریاست قرار دینے کی بھارتی قرار داد کی ناکامی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ روس اور امریکہ ہمیشہ ایک دوسرے کے مخالف رہے ہیں مگر پاکستان اور اسلام دشمنی میں وہ متحد ہو گئے ہیں اسی طرح برطانیہ اور فرانس نے بھی بھارتی قرار داد کی حمایت میں ووٹ دیا ۔حافظ محمد ادریس نے کہاکہ اگر چین قرار داد کو ویٹو نہ کرتا تو بھارت پاکستان کو دہشتگرد قرار دلوانے میں کامیاب ہو جاتا ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری وزارت خارجہ قومی مفادات کا تحفظ کرنے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے ۔ چین نے بھارت کے خلاف اور پاکستان کے حق میں ووٹ دے کر دوستی کا حق ادا کر دیاہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی طرف سے ایم کیو ایم کو اسلحہ کی فراہمی ، مالی امداد اور دہشتگردی کی تربیت دینے کا سلسلہ گزشتہ 30 سالوں سے جاری ہے لیکن ان تیس سالوں میں ہمارے خود غرض حکمرانوں نے عالمی برادری کو بھارتی تخریب کاری سے آگاہ کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی بلکہ بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کی باتیں کرتے رہے۔

حافظ ادریس

مزید : صفحہ آخر