صوبائی وزراء اور انتظامیہ کے مختلف رمضان بازاروں کے ہنگامی دورے
لاہور(پ ر ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایات پر صوبہ بھر میں رمضان بازاروں کے انتظامات‘ اشیائے خوردونوش کی ترسیل و رسد اور معیار کو یقینی بنانے کے لئے صوبائی وزراء اور انتظامیہ کے افسران مختلف رمضان بازاروں کے روزانہ کی بنیاد پر دورے کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیرمحنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے امامیہ کالونی سستے رمضان بازار کا دورہ کیا۔ رکن صوبائی اسمبلی پیر اشرف رسول‘ڈی سی او شیخوپورہ کرن خورشید‘ علاقائی نمائندے اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے مختلف اشیاء کے معیار اور ان کے نرخ چیک کئے اور تمام انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کر رہی ہے اور رمضان کے مقدس مہینے میں عوام تک ہر ممکنہ ریلیف پہنچانے کے لئے پرعزم ہے۔صوبائی وزیرزراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے اسلام پورہ‘ سبزہ زار اور گلشن راوی رمضان بازاروں کا اچانک دورہ کیا۔ صارفین سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے اشیاء کی قیمتوں اور کوالٹی کے بارے میں دریافت کیا جس کا انہیں تسلی بخش جواب ملا۔ انہوں نے انتظامیہ کو بزرگوں اور خواتین کے لئے خصوصی انتظامات اور صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
ہنگامی دورے