ورلڈ ہاکی لیگ ،پاکستان اور بھارت میں اہم میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2. 2 گول سے برابر
اینٹورپ( اے این این)بلجیم میں جاری ورلڈ ہاکی لیگ میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو دو گول سے برابر ٗ دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا ٗ پاکستان کی جانب سے دونوں گول کپتان محمد عمران نے کئے جبکہ بھارت کی جانب سے دونوں گول رامندیپ سنگھ کی جانب سے ہوئے ٗ ایونٹ میں تین میچوں کے بعد پاکستان کے چار ٗ بھارت کے 7 پوائنٹ ہیں ٗ پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے فرانس کو بھاری مارجن سے شکست دینا ہوگی ۔ تفصیلات کے مطابق بلجیم کے شہر اینٹورپ میں جاری ورلڈ ہاکی لیگ کے سلسلے میں کھیلا گیا پاکستان اور بھارت کے درمیان انتہائی اہم میچ دو دو گول سے برابر ہوگیا۔ میچ کے آغاز سے ہی دونوں جانب سے ایک دوسرے کے گول پر تابڑ توڑ حملے کئے گئے۔ میچ کے پہلے کوارٹرز میں رامندیپ سنگھ نے پہلا گول کرکے بھارت کو سبقت دلا دی لیکن دوسری جانب پاکستان کی ہر کوشش ناکام رہی۔ پہلے کوارٹرز کے اختتام پر بھارت کو میچ پر ایک، صفر کی برتری حاصل تھی۔میچ کے دوسرے کواٹرز میں پاکستانی ٹیم کو میچ میں واپسی کی کچھ امید بندھی جب کپتان محمد عمران نے پہلا گول کرکے سکور ایک، ایک سے برابر کر دیا۔ اس کے بعد میچ میں سنسنی پیدا ہو گئی۔ دونوں جانب سے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا اور میچ کو جیتنے کیلئے کوششیں تیز کر دیں۔ کپتان محمد عمران نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنلٹی کارنر پر گول کرکے پاکستان کو دو، ایک سے برتری دلا دی تاہم دوسرے کوارٹرز کے اختتام کے قریب بھارت کے کھلاڑی رامندیپ سنگھ نے گول کرکے اپنی ٹیم کو پاکستان کے برابر لا کھڑا کیا۔ دویندر کے خوبصورت پاس کی بدولت انہوں نے گیند کو جال میں پھینک دیا۔ تیسرے اور چوتھے کوارٹرز میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اپنی ٹیم کو سبقت دلانے میں ناکام رہے اور میچ دو، دو گول سے برابر رہا۔ واضح رہے کہ اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان 162 میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں 80میں پاکستان کو فتح نصیب ہوئی، 52میں بھارتی ٹیم میں جیت اپنے نام کی جبکہ 30میچز بغیر کسی نتیجے کے رہے۔ دوسری جانب ورلڈ ہاکی لیگ کے میچ میں پاکستان اور بھارت کے کھلاڑیوں کی نوک جھوک نے اسے اعصاب کی جنگ بنا دیا تھا۔ میچ کے دوران روایتی حریف ہاکی کھیلتے ہوئے جوش دکھاتے دکھاتے ہوش بھی کھو بیٹھے۔بھارتی کھلاڑی ستبیر سنگھ نے پاکستانی کھلاڑی کو ہاکی مار دی جس پر ریفری نے انھیں پانچ منٹ کیلئے میچ سے باہر نکال دیا۔ ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستان نے 3میچزکھیل کر4پوائنٹس حاصل کئے جبکہ بھارت کے 7پوائنٹس ہیں۔ واضح رہے پاکستان نے ورلڈ ہاکی لیگ کے کوارٹرفائنل میں جگہ تو بنالی لیکن ولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے لئے پاکستان کو ورلڈ ہاکی لیگ کے سیمی فائنل میں پہنچنا لازمی ہوگا۔