ملکی معاشی ترقی کو نقصان پہنچانے والوں کو منہ توڑ جواب دیں گے،رانا ثناء اللہ
لاہور(جاوید اقبال)پنجاب کے وزیر بلدیات /قانو ن و پارلیمنٹری افیئرز رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت اور ملک کے خلاف وہی لوگ افراتفری اور انتشار پھیلانے کے لئے متحرک ہورہے ہیں جنہوں نے ماضی میں دھرنے دے کر ملک کو اقتصادی طور پر ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ان لوگوں نے کل بھی منہ کی کھائی اب بھی انہوں نے کوئی غیر سیاسی چال چل کر ملک کو اندھیروں کی طرف دھکیلنے کی کوشش کی تو عوام کی قوت سے ان کا منہ توڑ جواب دیں گے ۔آصف علی زرداری ایک ہفتے تک واپس آجائیں گے ،ایم کیو ایم کے خلاف بی بی سی کی رپورٹ کی روشنی میں مکمل تحقیقات ہو ں گی اگر بھارت سے پیسے لینے کا الزام ایم کیو ایم پر ثابت ہوگیا تو قانون حرکت میں آئے گا اور ایم کیوایم کو وہی سزا ملے گی جس کی قانون اجازت دیتا ہوگا ۔بلدیاتی انتخابات ستمبر میں ہی ہوں گے اور مسلم لیگ (ن ) پورے پنجاب میں کلین سویپ کرے گی ۔وہ گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر روزنامہ پاکستان کو انٹرویو دے رہے تھے ۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اطلاعات مل رہی ہیں کہ عوام سے ٹھکرائے ہوئے لوگ حکومت کے خلاف دوبارہ صف بندی کررہے ہیں اور اس کے لئے اندرونے اور بیرون ملک ایجنڈا بھی طے کررہے ہیں ،عوام ان مفاد پرست ٹولے سے خبردار رہیں ،یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ایک سال قبل دھرنوں اور ناچ گانے کے نام پر ملک میں افرا تفری پھیلائی اور ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی ان لوگوں کی ان حرکات کی وجہ سے ملک کو اقتصادی طور پر ناقابل تلافی نقصان پہنچا اور چین کا پاکستان کے لئے بے مثال اقتصادی منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا ،اب جب پاکستان اقتصادی راہ داری پر ترقی کی منازل طے کرنے لگا اور خوشحالی کی پٹری پر چڑھ گیا تو یہ مافیا دوبارہ سرگرم عمل ہوگیا ہے لیکن ہم انہیں بتا دینا چاہتے ہیں کہ یہ لوگ پہلے بھی ناکام ہوئے اور اب بھی انہیں ان کے مقصد میں کامیابی حاصل نہیں ہوگی اور عوام کی طاقت سے ان کے عزائم خاک میں ملادیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں رانا ثنا ء اللہ نے کہ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ اس مافیا کے ساتھ عسکری قوتیں نہ کل کھڑی تھیں نہ آج کھڑی ہیں اور نہ کھڑی ہوں گی کیونکہ یہ لوگ مفاد پرست ہیں ،کرسی کی جنگ لڑتے ہیں انہیں ملک و قوم کا مفاد عزیز نہیں ہے ،رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ بات سچ ہے کہ اس ٹولے کے ساتھ بعض نام نہاد ٹی وی اینکرز اور بعض(ر) جرنیلز شامل ہیں جو ناکام ہوں گے ۔عوام ان نام نہاد اینکرز اور (ر) جرنیلوں کا مقابلہ کریں گے ۔
رانا ثناء اللہ