مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف تحریک آزادئ کشمیر اور لائرز فورم کامظاہرہ

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف تحریک آزادئ کشمیر اور لائرز فورم ...

  

لاہور (نامہ نگار خصوصی )مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بے گناہ عوام کے قتل عام کے خلاف لاہور کے جی پی او چوک میں تحریک آزادئ کشمیر اور الامُہ لائرز فورم کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا ۔مظاہرہ میں شریک وکلاء اور سول سوسائٹی کے ارکان نے بھارت کے خلاف زبر دست نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی کھل کرہر طرح کی مدد اور حمایت کرے۔بھارتی سفیر کو ملک بد ر کیا جائے۔

بھارت کے ہر طرح کی تجارت او ر یکطرفہ جبری دوستی بند کی جائے۔ مذہبی اور سیاسی پارٹیاں کشمیر اور بھارت کے مسئلے پر کھل کر سامنے آئیں اور خاموشی ختم کی جائے۔مظاہرہ کا اہتمام گستاخانہ خاکوں اور فلموں کے خلاف ہفتہ وار احتجاج کے موقع پر کیا گیا تھا جس کے مسلسل 128ہفتے بھی مکمل ہوگئے ہیں۔ اس موقع پر الامُہ لائرز فورم کے صدر جمیل فیضی،حرمت رسول ؐ لائرز موومنٹ کے صدر راؤ طاہر شکیل ،تحریک آزادئ کشمیر کے مرکزی رہنما علی عمران شاہین،ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے ناظم اعلیٰ علامہ ممتاز اعوان اور مصطفائی جسٹس فور م کے صدرمیاں اشرف عاصمی نے خطاب و بیان میں کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں قتل و غارت گری کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ کشمیری 10 لاکھ بھارتی فوج کے ظلم کا سامنا کرتے ہوئے آگ اور خون کے دریا پار کر کے ثابت کر رہے ہیں کہ وہ کسی صورت بھارت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے بلکہ پاکستان کے ساتھ ملنا چاہتے ہیں لیکن اس پر سب عالمی طاقتیں خاموش ہیں۔مسلمانوں کے ملک توڑ کر مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان تو بنائے جاتے ہیں لیکن مسلمانوں کے مسائل اقوام متحدہ سمیت سارے ادارے مکمل خاموش ہوجاتے ہیں۔

مزید :

علاقائی -