شہریوں سے بد سلوکی کی شکایت نہ ہونے کے برابر سامنے آئیں ،امین وینس
لاہور(کرائم سیل)سی سی پی او لاہور کیپٹن(ر)محمد امین وینس نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پروگرام پر عمل درآمد کروانے اور تھانے میں مسائل کے حل کے لئے آنے والے شہریوں ، معززین علاقہ اور سماجی کارکنوں کو اس پروگرام کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی دینے میں ایڈمن افسروں کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگاتاکہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پولیس اور شہری اپنا بھر پور کردار ادا کرتے ہوئے دیگر حساس اداروں کے دست و بازو بن کر ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج الحمرا ہال نمبر3 میں ایڈمن افسروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے منعقعدہ ہفتہ وار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سینئر صحافی اور کالم نگار ضیاء شاہد ، چیف ایڈمن افسر محمد عمر ورک اور ایس پی سول لائنز ہارون جوئیہ بھی موجود تھے۔ ایڈمن افسروں کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے محمدعمر ور ک نے کہا کہ ایڈمن افسروں کی تعیناتی سے تھانوں میں شہریوں سے بدسلوکی یا درشت رویے کی شکایات نہ ہونے کے برابر سامنے آئیں ہیں جس کا کریڈٹ ایڈمن افسروں کو جاتاہے جن کی نظریں ہر لمحہ تھانے کے گیٹ پر ہوتی ہیں تاکہ نہ صرف پریشان حال اور مسائل میں مبتلاسائلوں کو گیٹ سے ساتھ لیکر کمرے میں بٹھائیں اور ان کی بات پوری توجہ سے سنیں ایڈمن افسروں نے جس طرح کاوشیں کیں ہیں اس پر کئی شہری تھانے میں رکھی ہوئی وزیٹر بک میں جو تاثرات لکھ کر گئے ہیں وہ محکمہ پولیس کے لئے نہایت حوصلہ افزا ء اور باعث افتخار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پولیس اور شہریوں میں فاصلوں کو کم کرنے کے لئے شروع کیے گئے ایڈمن افسروں کے پراجیکٹ کو بہتر سے بہتر کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہیں اور میڈیا سے بھی درخواست گذار ہیں ۔سینئر صحافی ضیاء شاہد نے کہا کہ ایڈمن افسروں کی تھانوں میں تعیناتی کے یقیناًحوصلہ افزاء نتائج سامنے آرہے ہیں ۔