آفریدی بھارتی کپتان کے دفاع میں آگے آگئے ، سیریز میں شکست کے بعد دھونی پر تنقید بےجا ہے ، شاہد آفریدی
کراچی(ویب ڈیسک) قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے اور اس حوالے سے بھارتی کپتان مہندر دھونی پر کی جانے والی تنقید بےجا ہے۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیاءکے لوگوں کا عجیب انداز ہے کہ ایک سیریز میں شکست کے بعد اپنے ہیروز کی سابقہ کارکردگی کو بھلادیا جاتا ہے اور یہی کچھ دھونی کے ساتھ ہورہا ہے کیونکہ ان کو بنگلہ دیش کیخلاف شکست کے بعد جس طرح تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے وہ کوئی اچھی مثال نہیں ہے جبکہ میڈیا بھی اس معاملے میں ذمہ داری کا ثبوت نہیں دے رہا بلکہ واقعات کی غلط تصویر کشی کر رہا ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ تنقید ضرور ہو مگر ایسا کرتے ہوئے کھلاڑی یا ہیرو کی ماضی کی کارکردگی سے بھی دنیا کو آگاہ کیا جانا چاہئے۔