دبئی،پولیس والے نے قیدی کے6000درہم ڈکار لئے
دبئی (صباح نیوز)لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کا ذمہ دار پولیس اہلکار قیدی کے 6000 اماراتی درہم ہڑپ کر گیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دبئی پولیس نے ایک بھارتی بزنس مین کو چیک بونس ہونے کے معاملے میں گرفتار کیا تھا جس کے قبضے سے لی گئی رقم تھانے میں موجود سیفٹی بکس میں بطور امانت رکھ دی گئی تھی، گرفتاری کے چند روز بعد بزنس مین کو بتایا گیا کہ عدالت نے اسے 1800اماراتی درہم کا جرمانہ کیا ،اس پر بزنس مین نے پولیس کو بتایا کہ اس نے حوالات میں جانے سے قبل اپنے پاس موجود رقم تھانے میں موجود سیفٹی باکس میں رکھوائی تھی جس پراسے متعلقہ شعبے میں لے جایا گیا وہاں جا کر پتا چلا کہ سیفٹی باکس میں سے اس کی جانب سے رکھوائی گئی 6000امارتی درہم کی رقم غائب ہے۔ ابتدائی تفتیش سے ظاہر ہوا کہ ایک20 سالہ پولیس اہلکار نے سیفٹی بکس سے رقم چرالی ،استغاثہ کی جانب سے پولیس اہلکار پر چوری کے الزام میں فردِ جرم عائد کر دی گئی۔
بھارت سے تعلق رکھنے والے پولیس اہلکار نے عدالت کے پریزائیڈنگ جج عرفان عمر سے رحم کی اپیل کی،ملزم نے اپنی چوری کا اعتراف کرتے ہوئے استغاثہ کو بتایا کہ سیفٹی باکس 2 چابیوں سے کھولا جا سکتا ہے، ان میں سے ایک چابی قید کیے گئے بزنس مین کو دی گئی تھی۔ اس نے دوسری چابی کی ڈپلیکیٹ بنوا کر بزنس مین کے علم میں لائے بغیر رقم نکال لی۔ملزم کے مطابق اسے ایک گیراج میں کھڑی اپنی گاڑی کی مرمت کے لیے رقم کی ضرورت تھی جس کے باعث اس نے یہ قدم اٹھایا جبکہ بزنس مین نے پولیس تفتیش کاروں کے سامنے کہا کہ اگر ملزم اہلکار اس کی رقم واپس کر دیتا ہے تو وہ اس صورت میں اپنی شکایت واپس لے کر اسے معاف کر دے گا۔ اس مقدمے کا فیصلہ 16 جولائی 2018 کو سنایا جائے گا۔