ہمیشہ کوشش کی بہترین کام کروں،ماڈل حمائمہ ملک
لاہور(فلم رپورٹر) ماڈل واداکارہ حمائمہ ملک نے کہا ہے کہ جہاں تک بات بطورماڈل میری بات ہے تومیں نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ بہترین کام کروں۔ ریمپ پرکیٹ واک ہویا فوٹوشوٹس میں نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کااظہارکیا ہے اوریہی وجہ ہے کہ مجھے لوگ پسند کرتے ہیں۔ بطورفلمی اداکارہ میں دیکھتی ہوں کہ ابھی تک ہمارے ہاں بننے والی فلموں میں ملبوسات پرکچھ خاص توجہ نہیں دی جاتی۔ اس لئے ضروری ہے کہ فیشن ڈیزائنر کوفلم کا حصہ بنایا جائے تاکہ فلموں کے معیارمیں بہتری آسکے۔ اس سے ایک طرف تولوگ کوکچھ نیا دیکھنے کوملے گا اوران کی فیشن کے حوالے سے سوچ بھی بدلے گی۔
فیشن کے بدلتے رجحانات نے پوری دنیا کواپنا گرویدہ بنا رکھا ہے۔ آئے روزنت نئے انداز متعارف کروائے جاتے ہیں اوریہ سٹائل بن کرراتوں رات پوری دنیا میں پھیل جاتے ہیں۔ مذہبی اورقومی تہواروں کے ساتھ بدلتے موسموں کی مناسبت سے خوبصورت رنگوں میں تیارکردہ ملبوسات تمام عمر کے لوگوں کی اولین ترجیح بن جاتے ہیں۔حمائمہ ملک نے کہا کہ دیکھا جائے تواس وقت فیشن انڈسٹری کے رنگ ہمیں فلموں، ٹی وی ڈراموں ، میوزک پروگراموں سمیت دیگرمیں نمایاں دکھائی دیتے ہیں۔یہ فیشن انڈسٹری ہی ہے جس نے لوگوں کواپنے اہم تہواروں کویادگاربنانے کیلیے منفرد رنگوں میں بنے ملبوسات کے انتخاب کی پہچان دی ہے۔ اگراسی طرح فیشن کے رنگ فلموں میں نمایاں کیے جائیں توپاکستانی ثقافت کوپوری دنیاتک متعارف کروایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میرا تعلق پاکستان فیشن انڈسٹری سے ہے۔اس وقت پاکستانی فیشن انڈسٹری کی شہرت کے چرچے دنیا کے ان ممالک میں بھی ہورہے ہیں جن کوفیشن کاگھر کہا جاتا ہے۔ فرانس اوراٹلی کے ساتھ ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں بھی پاکستانی فیشن انڈسٹری کی شہرت ہے۔ ہمارے ڈیزائنرزمتعدد بار دنیا کے بیشترممالک میں ہونیوالے فیشن ویک میں حصہ لے چکے ہیں اوروہاں پرانھیں بہترین رسپانس ملا ہے۔