لاہور(ایس چودھری ) پاکستان کی فلم انڈسٹری میں یوں تو فلمی اداکاراﺅں کو بے وفائی کی علامت سمجھا جاتا ہے لیکن یہ محبوبہ بن کر بھلے سے ہرجائی ثابت ہوتی ہوں گی لیکن ماں کے طور پر ان کا کردار غیر معمولی ثابت ہوا ہے۔ جب بھی کسی ہیروین کو طلاق ہوئی تو اسنے اپنی اولاد کو خود سے جدا نہیں کیا۔ بلکہ اس کی تعلیم و تربیت بہت اچھی کی اور اسے فلمی صنعت سے دور ہی رکھا اور اس کی باقاعدہ اچھے گھرانے میں شادی کی۔ ملکہ ترنم نور جہاں کی شوکت حسین رضوی سے دو بیٹے اکبر رضوی ، اصغر رضوی اور ایک بیٹی ظل ہما ہیں جبکہ اداکار اعجاز درانی سے تین بیٹیاں، چھ بچوں کوملکہ ترنم نور جہاں نے انتہائی لاڈ پیار سے پالا اور ان کی ہر قسم کی فرمائش پوری کی۔ اپنی زندگی میں اپنے اخراجات پر ان کی شادیاں شایان شان طریقے سے کیں ۔
اداکارہ نیلو نے اپنے شوہر ریاض شاہد کے انتقال کے بعدا پنی بیٹی زرقا اور بیٹے شان کی تعلیم و تربیت پر مکمل توجہ دی اورانکی شادیاں کیں۔
فلمساز و ہدایت کار کیفی اور چکوری کے درمیان ایسا زبردست عشق و پیار محبت کا معاملہ ہوا کہ جوشادی پر اختتام پذیر ہوا۔ اداکارہ چکوری کو اللہ تعالیٰ نے کیفی سے دو بیٹے عطاکیے۔ پھر حسب روایت اختلافات شروع ہوگئے اور نوبت طلاق تک پہنچ گئی ۔طلاق کے بعد چکوری نے دونوں بیٹے اپنے پاس ہی رکھے اور انکی پرورش و تعلیم و تربیت خود ہی کی۔
روحی بانو نے ایک نائٹ کلب کے مالک اکرام بیگ سے شادی کی تھی جس سے اس کے ہاں ایک بیٹا علی پیدا ہوا۔ پھر میاں بیوی میں جھگڑے ہونے لگے اور طلاق ہوگئی۔ روحی بانو نے بیٹے علی کو اپنے پاس رکھا ،اس کی تعلیم و تربیت کی کہ عین جوانی میں اس کا انتقال ہوگیا۔ اس غم نے اسے پاگل کر دیا۔ اداکار جاوید شیخ نے ادکارہ زینت سے شادی کی ۔اس سے اس کے دو بچے تھے۔ جب جاوید شیخ نے سلمیٰ آغا سے شادی کر لی تو زینت منگھی نے دونوں بچوں کی پرورش کی تعلیم و تربیت کی۔
فلمی ہیرونیں طلاق کے بعد اولاد اپنے پاس ہی رکھتی ہیں۔ اداکارہ نغمہ نے حبیب سے ہونے والی بیٹی کو اعلیٰ تعلیم دلائی اور اس کی بڑے اچھے طریقے سے شادی کی ۔ سنگیتا نے اداکار ہمایوں قریشی سے ہونے والی بیٹی کو اپنے پاس رکھا۔ اسکی دھوم دھام سے شادی کی ۔اداکارہ زیبا نے پہلی شادی قاسم بھٹی سے کی تھی ۔اس سے زیبا کو طلا ق ہوئی تو زیبا نے اس بیٹی کو اپنے پاس رکھا ۔اسکی بڑی عمدہ تعلیم و تربیت کی اور اسکی اچھے انداز میں دھوم دھام سے شادی کی۔
ادکارہ نشونے اپنے شوہر انعام ربانی سے پیدا ہونے والی بیٹی اداکارہ صاحبہ اور نغمہ نگار تسلیم فاضلی سے پیداہونے والی بیٹی عائشہ کی تعلیم و تربیت کرکے شادیاں نشو بیگم نے ہی کیں۔ اداکارہ عالیہ نے بھی الطاف حسین سے طلاق لے لی ۔اس وقت اسکے الطاف حسین سے ایک بیٹی اورایک بیٹا تھا۔ دونوں کو اپنے پاس رکھا۔ اور ان کی تعلیم و تربیت کی ان کی شادی کی۔
اداکارہ زیبا بختیار نے گلوکار عدنان سمیع سے طلاق لی تو اسنے بیٹے اذان کو اپنے پاس ہی رکھا اور اس کی تعلیم و تربیت کی پرورش کی۔