فوڈ اتھارٹی کے چھاپے ، 11ہزار لٹر سے ائد مضر صحت دودھ پکڑ لیا

فوڈ اتھارٹی کے چھاپے ، 11ہزار لٹر سے ائد مضر صحت دودھ پکڑ لیا

لاہور(کامرس رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی خصوصی ٹیموں نے گزشتہ روز صوبہ بھر میں جدید مشینوں سے ایک لاکھ 60 ہزار لیٹر دودھ کی چیکنگ کرتے ہوئے 11287 لیٹر ناقص دودھ موقع پر تلف کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی خصوصی ٹیموں نے صوبہ بھر کے مختلف مقامات سے جدید مشینوں کے ذریعے دودھ کی چیکنگ کی۔صوبہ بھر میں کل 1216 گاڑیوں اور ایک لاکھ 60 ہزار لیٹر دودھ کی چیکنگ کی گئی۔ 966 گاڑیوں کا دودھ ٹھیک پایا گیاجبکہ 190 گاڑیوں کے دودھ میں ملاوٹ پائے جانے پر 11287 لیٹر دودھ موقع پر تلف کر دیا گیا۔ ترجمان فوڈا تھارٹی کے مطابق لاہور میں 114، گوجرانوالہ 90، فیصل آباد 61 ،راولپنڈی 88 ، سرگودھا، ساہیوال، ملتان اور ڈی جی خان میں 354 گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔ دودھ کے تمام ٹیسٹ موقع پر موجود لیکٹو سکین سے لیس جدیدموبائل ٹیسٹنگ لیبز میں کیے گئے۔فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کیمیکلز سے تیار کردہ جعلی دودھ لے جانے والی 4 گاڑیوں کو بھی قبضے میں لے لیا ۔دودھ میں زیادہ تر گاڑھا کرنے والی اور جراثیم کش ادویات کی ملاوٹ کی گئی تھی۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ دودھ بچوں اور بڑوں کی غذا کا بنیادی جزو ہے۔ملاوٹی اور جعلی دودھ بچوں میں نشونما میں مدد دینے کی بجائے مہلک اور جان لیوا بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔جعلی دودھ میں شامل کیے گئے کیمیکلز،ناقص ویجٹیبل آئل،خشک پاؤڈر معدے،آنتوں اور ہڈیوں کی موذی بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ فوڈاتھارٹی عوام تک خالص دودھ کی ترسیل ممکن بنانے کے لیے پاسچرائزئشن کا قانون پاس کر چکی ہے جس سے کھلے ملاوٹی دودھ کا مکمل خاتمہ ہو گا۔دریں اثناء پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیمز نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کی سربراہی لاہور، شیخوپورہ اور حافظ آباد میں کاروائیاں کرتے ہوئے سکھیکی سروس ایریا پر فرائی چکس، سلور سپون اور چکن بروسٹ کو باسی چکن، اشیاء خورونوش میں ناقص اجزاء کا استعمال ،زائد المیعادآئل میں فرائنگ کرنے ،سابقہ دی گئی ہدایات پر عمل نہ کرنے پر سیل کر دیا ۔فیروز والا میں کاروائی کرتے ہوئے فوڈسیفٹی ٹیمز نے شیخوپورہ روڈ پر واقع نمکو اور بچوں کی دیگر اشیاء بنانے والی چیری فوڈ انڈسٹری کو پنجاب فوڈ اتھارٹی کا جعلی لائسنس نمبر استعمال کرنے سیل کر دیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کوٹ سرور میں واقع نشاط ڈیریز کا بھی اچانک دورہ کیا۔انہوں نے دودھ کے حصول سے ترسیل تک، تمام مراحل پر اظہار اطمینان کرتے ہو ئے ملک ٹیسٹنگ لیب کو مزید بہتر کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے نشاط ڈیری انتظامیہ کو ڈیری پراڈکٹس متعارف کروانے کا بھی مشورہ دیا۔

فوڈ اتھارٹی

مزید : میٹروپولیٹن 1