ڈپٹی کمشنر کا دورہ عاطف چوک،انسداد ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی چیک کی

ڈپٹی کمشنر کا دورہ عاطف چوک،انسداد ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی چیک کی

لاہور(جنرل رپورٹر)ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) انوارالحق نے شالیمار ٹاؤن کے علاقہ عاطف چوک کا اچانک دورہ کیااور انسداد ڈینگی پر مامور ٹیموں کی ان ڈور اور آؤٹ ڈور سر و یلنس کو چیک کیا۔اس موقع پرسی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شہناز اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈی سی لاہور نے اے آر ایس سپرے کے حوالے سے عاطف چوک کے پانچ گھروں میں جا کر دریافت کیا اور انسداد ڈینگی کی جانب سے حفاظتی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کے بارے میں لوگوں سے پوچھا ۔ انہوں نے رہائشیوں سے ڈینگی ٹیموں کی طرف سے ان کے گھروں کی چیکنگ کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ اس موقع پر ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) انوارالحق نے سی او ہیلتھ ڈاکٹر شہناز کو ہدایت کی کہ وہ انسداد ڈینگی پر مامور ٹیموں کی ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کے ساتھ ساتھ ٹائر شاپس، کباڑ خانوں اور قبر ستانوں کو بھی چیک کریں اور جہاں کہیں ڈینگی لاروا ملتا ہے اس کے اردگرد کے گھروں میں بھی سپرے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں انسداد ڈینگی پر مامور ٹیموں کی حاضری کو چیک کریں اور اجلاس کو باقاعدگی سے منعقد کریں اور زون سطح پر مسائل کو ان میں حل کیا جائے۔ انہوں نے عاطف چوک میں گندگی اور کوڑا کرکٹ پر بھی ایل ڈبلیو ایم سی کے حکام سے رابطہ کیا اور ان کو ہدایت کی کہ فوری طور پر صفائی ستھرائی کی جائے۔ علاوہ ازیں ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) انوارالحق نے انسداد ڈینگی کے وزٹ کے دوران عاطف پارک میں پڑے کوڑا کرکٹ پر سخت نوٹس لیا ۔ڈی سی لاہور نے ایل ڈبلیو ایم سی کو فوری طور پر کورا کرکٹ اٹھانے کی ہدایت کی تھی۔انہوں نے اے سی شالیمار علی اکبر بھنڈر کو فوری کوڑا کرکٹ اٹھانے کی بھی ہدایت کی تھی۔

ڈپٹی کمشنر

مزید : میٹروپولیٹن 1