پر امن ماحول میں شفاف الیکشن کا انعقاد پنجا ب پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے

پر امن ماحول میں شفاف الیکشن کا انعقاد پنجا ب پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے

لاہور(کر ائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا ہے کہ پُرامن ماحول میں شفاف الیکشن کا انعقاد پنجاب پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے چنانچہ پولنگ ڈے کا سیکیورٹی پلان تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز اپنی نگرانی میں خود تشکیل دیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کو ہر صورت یقینی بنایاجائے اورخلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی میں تاخیر نہ کی جائے اور اگر کوئی پولیس افسر یا اہلکار کسی جگہ جانبداری کا مظاہرہ کرتا نظر آئے تو اسکے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوزاپنے ریجنز اور اضلاع میں باقاعدگی سے تھانوں کا وزٹ ہر صورت یقینی بنائیں اورشہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر مانیٹرنگ اور چیکنگ کا عمل مزید سخت کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک کانفرنس میں صوبے کے تمام آر پی اوز کو ہدایات دیتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ شاہد حنیف اور ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ فاروق مظہر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں جرائم پیشہ وسماج دشمن عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے اور دہشت گردی ، قتل ، ڈکیتی اورا غوا ء برائے تاوان سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث مجرمان کی فوری گرفتاری کیلئے آپریشنز شروع کئے جائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی مہم کے دوران قانون کے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کی کسی سیاسی جماعت یا نظرئیے سے کوئی وابستگی نہیں ہماری ذمہ داری عوام کے جان و مال کا تحفظ اور صوبے میں پرامن ماحول میں الیکشن کا انعقاد ہے لہذا انتخابی عمل کے دوران مکمل طور پرغیر جانبدار رہتے ہوئے اپنے فرائض منصبی ادا کئے جائیں ۔ الیکشن ڈے پر ووٹر ز ، پولنگ اسٹیشنز بالخصوص حساس حلقوں میں واقع پولنگ اسٹیشنز پر خصوصی حفاظتی انتظامات کئے جائیں اورپولنگ اوقات کے دوران ڈولفن ، پیرو او ر گشت پر مامور دیگر فورسز کے موثر گشت کا نظام تشکیل دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بدمعاشوں اور بدنام زمانہ افراد کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے اور جن بااثر لوگوں کی شہہ پر یہ بدمعاشی کررہے ہیں انکے خلاف بھی سخت کاروائی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ چائینز سمیت تمام غیر ملکی شہریوں کو ترجیحی بنیادوں پر سیکیورٹی فراہم کی جائے اور اس ضمن میں قطعی کوئی غفلت نہ برتی جائے۔

مزید : علاقائی