روس میں فیفا ورلڈ کپ ماسکو میں بڑی تبدیلیوں کا باعث

روس میں فیفا ورلڈ کپ ماسکو میں بڑی تبدیلیوں کا باعث

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ماسکو(آئی این پی)روس میں عالمی کپ مقابلوں کے انعقاد کے باعث اس ملک میں کئی تبدیلیاں بھی دیکھی جا رہی ہیں۔ بالخصوص دارالحکومت ماسکو میں سیاحوں کے رش کے باعث اس شہر کا نقشہ ہی بدل گیا ہے ۔روس میں فیفا ورلڈ کپ 2018 کے انعقاد کی وجہ سے ایسے تمام شہروں میں ایک تبدیلی نوٹ کی گئی ہے، جہاں فٹ بال کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ماسکو میں تو روزمرہ زندگی کے معمولات ہی بدل گئے ہیں۔ حکومتی اقدامات کی وجہ سے کئی لوگ سخت سکیورٹی انتظامات کو تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔
تاہم ان مقابلوں کا کامیاب انعقاد بہرحال جاری ہے۔ جب سے عالمی کپ شروع ہوا ہے، ماسکو میں مسکراہٹیں بکھر رہی ہیں۔ مغربی ممالک کے برعکس روس کی سڑکوں یا عوامی مقامات پر لوگ مسکراتے نظر نہیں آتے۔روس میں کہاوت مشہور ہے کہ بغیر کسی وجہ سے مسکرانا، بیوقوفی کی نشانی ہے۔ روسی باشندوں کا مزاج دوستانہ ہوتا ہے لیکن وہ اجنبیوں سے زیادہ گھلتے ملتے نہیں۔ تاہم جب کوئی غیر ملکی دوستی کے دائرے میں آ جاتا ہے، تو روسی لوگ اس کی خوب خاطر مدارت کرتے ہیں۔ ورلڈ کپ کے دوران البتہ ماسکو میں مقامی لوگ مسکراتے اور زیادہ دوستانہ رویوں کا اظہار کر رہے ہیں۔۔ماسکو میں میٹرو ٹرین اسٹیشنوں پر زیادہ تر خاموشی ہی ہوتی ہے لیکن ورلڈ کپ کے دوران یہ خاموشی ٹوٹ چکی ہے۔ ماسکو کے انہی اشٹیشنوں پر عمومی طور پر بزرگ بالخصوص خواتین اونچا بولنے والوں کو اپنی آواز آہستہ کرنے کا بھی کہہ دیتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر کوئی کسی غیر ملکی زبان میں بول رہا ہو، تو روسی اسے مڑ کر بھی نہیں دیکھتے۔