مقبوضہ کشمیر کے عوامی کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی : پاکستان
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ شجاعت بخاری کی شہادت کے بعد جدوجہد آزادی کشمیر میں تیزی آگئی ہے جس سے بھارتی حکومت پریشانی کا شکار ہے،پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر حال میں جاری رکھے گا،پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے جو مقبوضہ کشمیر کی عوام کو بھی قبول ہو، بین الاقوامی دنیا بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر اب آواز اٹھا رہی ہے۔وہ گزشتہ روز اسلام آباد میں شہید صحافی شجاعت بخاری کی یاد میں منعقد کیے گئے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر ہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ شجاعت بخاری ایک نڈر اور بہادر صحافی تھے جنہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے بہت کام کیا۔ شجاعت بخاری کا قصور یہ تھا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر رپورٹ کو ٹویٹ کیا جس پر انہیں شہید کر دیا گیا۔ اقوام متحدہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر رپورٹ کا جاری کیا جانا اس امر کا اشارہ ہے کہ بین الاقوامی دنیا کی آنکھیں بھارتی مظالم کے خلاف اب کھل رہی ہیں ۔
پاکستان