افغانستان میں پولیس اہلکاروں سمیت 25افراد جاں بحق

افغانستان میں پولیس اہلکاروں سمیت 25افراد جاں بحق

کابل (آن لائن)افغانستان کے مختلف صوبوں میں طالبان کے حملوں اور امریکی ڈرون حملہ میں 13پولیس اہلکاروں ، 6شہریوں سمیت 25افراد ہلاک متعد دزخمی جبکہ فورسز کارروائی میں 21طالبان بھی مارے گئے ۔تفصیلا ت کے مطابق شمالی مشرقی صوبے نورستان میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں 6 شہریوں سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے۔صوبائی گورنر نورستان حافظ عبدالقیوم کے مطابق امریکی ڈرون حملہ ضلع ویگال میں رات گئے اس وقت کیا گیا جب اہلِ علاقہ اور طالبان گزشتہ روز حملے میں زخمی ہونے والے ایک فرد کی عیادت کے لیے اس کے گھر پر موجود تھے۔ ڈرون طیارے نے اس گھر کو نشانہ بناتے ہوئے ایک میزائل داغ دیا جس کے نتیجے میں 6 شہریوں سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے۔دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع یا افغانستان میں موجود امریکی فوج نے تازہ ڈرون حملے کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔قبل ازیں فرح صوبے میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے افغان خفیہ ایجنسی کے افسر کو قتل کردیا۔ ترجمان صوبائی گورنر محمد نصیر مہری نے بتایا کہ مسلح ملزمان فائرنگ کے بعد جائے وقوع سے فرار ہوگئے تاہم واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ایک اور واقعہ میں افغان حکام نے کہا ہے کہ افغانستان کے صوبہ اسفندی گاؤں میں طالبان کی جانب سے پولیس چوکی پر کئے گئے حملے میں 4پولیس اہلکار ہلاک اور 2شدید زخمی ہو گئے، طالبان کو بھی جانی نقصان اٹھانا پڑا لیکن تعداد کا اندازہ نہیں۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق افغان صوبہ کے گورنر محمد افضل نوری نے خبروں کی توثیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ روز صوبہ غزنی میں طالبان کی جانب سے پولیس چوکی پر کئے گئے حملے میں 4پولیس اہلکار ہلاک اور 2شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزنی میں سیکورٹی انتہائی نازک ہے اور کئی اضلاع سنگین خطرے میں ہیں۔ جلد ہی افغان فورسز اتحادی فورسز کے تعاون سے خطر ناک صورتحال پر قابو پا لیں گی۔ افغان حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ قندوز میں طالبان عسکریت پسندوں کو سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے، فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 21طالبان ہلاک جب کہ ایک درجن سے زائد زخمی ہو گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مقامی حکام نے بتایا کہمشرقی صوبہ کنہار کے ضلع چاوکے میں ایک خود کش حملہ آور نے پولیس چوکی میں گھسنے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی اہلکاروں کے روکنے پر حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑادیا جسکے نتیجے میں 9 پولیس اہلکار ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے زخمی ہونیوالوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا فوری طور کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔

افغانستان

مزید : علاقائی