پیپلز پارٹی مخالفین کے پاس الزام تراشی ، جھوٹا پراپیگنڈا ، کھوکھلے نرعے ہیں : آصف زرداری

پیپلز پارٹی مخالفین کے پاس الزام تراشی ، جھوٹا پراپیگنڈا ، کھوکھلے نرعے ہیں : ...

لاہور(نمائندہ خصوصی)سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے پارٹی کارکن باہمی اتحاد اور جذبے سے انتخابات میں نامزد پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے کام کریں۔ہمارے مخالفین کے پاس محض الزام تراشی، جھوٹا پراپیگنڈا، کھوکھلے نعرے اور حقائق سے خالی دعوے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی نے ملک کو ناقابل تسخیر دفاع دیا، ادارے بنائے اور عوامی فلاح وبہبود کیلئے کام کیا ۔ منگل کے روز بلاول ہاؤس میں حلقہ 57 کے پارٹی کارکنوں اور ٹکٹ کیلئے امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے انکا مزید کہنا تھا پیپلزپارٹی کی قیادت نے عوام کیساتھ جو عہد کئے وہ تختہ دار پر جا کر بھی نبھا ئے اور سرعام جان کی قربانی دے کر بھی نبھائے۔ پیپلزپارٹی کے مخالفین نے دھاندلی اور چور دروازے سے اقتدار میں آکر عوام کو انتقام کا نشانہ بنایا جبکہ پیپلز پارٹی عوام کی طاقت سے اقتدار میں آکر ملک کی خدمت کرتی ہے۔ پیپلزپارٹی کا ہر کارکن عوام کی خدمت کا جذبہ رکھتا ہے۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا فلسفہ ہما ر ے لئے مشعل راہ ہے۔ پیپلزپارٹی کل بھی کچلے ہوئے طبقات کی واحد نمائندہ پارٹی تھی اور آج بھی ہے۔ ہماری جدوجہد سماجی انصاف اور برابری کیلئے ہے۔ ہم ایسے معاشرے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں جس میں تمام طبقات کیساتھ انصاف اور برابری ہو۔بعد ازاں سابق صدرمملکت سے جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا ابوالخیر زیبر نے بھی بلاول ہاؤس میں ملاقات کرکے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

زرداری گفتگو

مزید : علاقائی