تاخیر کا کوئی جواز نہیں ، بروقت اور شفاف انتخابات یقینی ہیں : بیر سٹر علی ظفر

تاخیر کا کوئی جواز نہیں ، بروقت اور شفاف انتخابات یقینی ہیں : بیر سٹر علی ظفر

لاہور(نامہ نگار خصوصی)وفاقی وزیر قانون ، اطلاعات و نشریات بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ پاکستان پانی ضائع کرنے والا دنیا کا نمبر ون ملک ہے ۔الیکشن کے انعقاد کے التواء کا کوئی جواز نہیں ،پرامن ، صاف، شفاف بروقت انتخابات کا یقین دلاتے ہیں ،حکومتوں کی نا اہلی کے باعث کالاباغ سمیت باقی ڈیمز بھی نہیں بنائے جا سکے،سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی واپسی کے لئے ریڈ وارنٹ قانون کے مطابق جاری کئے جائیں گے۔ لاہور ہائیکورٹ بار میں آمد کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے بیر سٹر علی ظفر نے کہا کہ پاکستان پانی ضائع کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہے ،پانی کے مسائل پر چیئرمین واپڈا سے بریفنگ لے چکا ہوں ،ڈیمز کی تعمیر اور پانی کے ذخائر کو بڑھانے کے لئے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی جواپنی سفارشات مرتب کر کے فوری اقدامات بھی اٹھائے گی،انہوں نے کہا کہ بجلی کی کمی کو دور کرنے اور دیگر معاملات کا جائزہ لینے کے لئے وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا، ٹرانسمیشن، ڈسٹری بیویشن ، جنریشن میں موجود خامیاں دور کئے بغیر معاملات بہتر نہیں بنائے جا سکتے ،بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ فاٹا کوکے پی کے میں ضم کرنے کا اقدام تاریخی ہے،فاٹا میں انتخابات کرانے کے حوالے سے آئینی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں مگرہمارے پاس جادوکی چھڑی نہیں کہ فوری انتخابات کرا ئے جا سکیں،فاٹا میں عدالتیں ، پولیس سٹیشنز اور دیگر قانونی انفراسٹرکچر قائم کرنے کے معاملات درپیش ہیں اس کے لئے وقت درکار ہے، عدالت کی طرف سے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دیئے جانے کے بعد انہیں وطن واپس لانے کے متعلق ایک سوال پر وفاقی وزیر قانون ، اطلاعات و نشریات سید علی ظفر نے کہا کہ قانون کے مطابق بیرون ملک سے کسی اشتہاری ملزم کو لانے کے لئے ریڈوارنٹ جاری کئے جاتے ہیں اور اس کا ایک قانونی عمل ہوتا ہے ، اس معاملے کو قانون کے مطابق دیکھیں گے۔قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ بار میں صوبے کی مختلف بارز کے عہدیداروں میں گرانٹس چیکوں کی تقسیم کی تقریب سے مختصر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شفاف ، پرامن الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے جو بھی مسائل ہیں انہیں جتنا ممکن ہوا حل کریں گے ، ہماری کوشش ہے کہ آئندہ آنے والی حکومتوں کے لئے گائیڈ لائن چھوڑ کر جائیں ،انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے بارز سے رابطے میں ہوں ،ایک ایسے قانونی عمل کی ضرورت ہے جس کے ذریعے بارز کو باقاعدگی سے فنڈز ملیں۔نگران وزیر قانون نے واضح کیا کہ فاٹا کے انضمام کا قانونی فیصلہ ہوگیا ہے لیکن ابھی انتظامی اقدامات پورے کرنے کی ضرورت ہے ،ابھی وہاں انتظامیہ ہے اور نہ عدالتیں قائم ہوئی ہیں ۔وفاقی وزیر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔

علی ظفر

مزید : علاقائی