پارکنگ کمپنی کے سابق سربراہ حافظ میاں نعمان کو گرفتار کرنے سے روکنے کے احکامات میں مزید توسیع

پارکنگ کمپنی کے سابق سربراہ حافظ میاں نعمان کو گرفتار کرنے سے روکنے کے ...

لاہور(نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سابق رکن پنجاب اسمبلی اور پارکنگ کمپنی کے سابق سربراہ حافظ میاں نعمان کو گرفتار کرنے سے روکنے کے احکامات میں مزید توسیع کر دی ۔لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے حافظ نعمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی جس میں درخواست گزار نے اپنی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا، درخواست میں بتایا گیا کہ حافظ نعمان 2008 ء میں ایم پی اے منتخب ہوئے اورانہیں لاہور پارکنگ کمپنی کا اعزازی طور پر پہلا سربراہ مقرر کیا گیا، درخواست گزار کے مطابق وہ صرف رسمی طور پر بورڈ میٹنگ میں حصہ لیتے رہے اور لاہورپارکنگ کمپنی سے کسی بھی مد میں ایک روپیہ بھی وصول نہیں کیا، درخواست میں وضاحت کی گئی کہ 2013میں لاہور پارکنگ کمپنی نے قانون کے مطابق اشتہار دیکر ٹھیکہ دیا اور ٹھیکوں میں شفافیت کو مدنظر رکھا گیا، درخواست میں اعتراض اٹھایا گیا کہ نیب کی لاہور پارکنگ کمپنی کی انکوائری غیر قانونی ہے اس کے باوجود ہر طرح کی تحقیقات کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہیں،درخواست میں بتایا گیا کہ حافظ نعمان ذیابیطس کے مریض ہیں اور ان کو خدشہ ہے کہ انہیں گرفتار نہ کرلیاجائے۔ درخواست ضمانت پر مزید کارروائی 2 جولائی کو ہوگی۔

پارکنگ کمپنی

مزید : علاقائی