قانو ن کی نظر میں سب برابر ، الیکشن سے کوئی تعلق نہیں : چیئر مین نیب

قانو ن کی نظر میں سب برابر ، الیکشن سے کوئی تعلق نہیں : چیئر مین نیب

لاہور ( خبر نگار) قومی احتساب بیورو (نیب)کے چیئر مین جسٹس ریٹائرڈ اقبال نے و اضح کیا ہے کہ نیب کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں ٗقانون کی نظر میں سب برابر ہیں ٗ نیب ملکی دولت کو لوٹنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے گا ٗ قوم کی لوٹی گئی دولت بر آمد کر کے قومی خزانے میں جمع کرائیں گے ٗ نیب افسران کسی دھمکی ٗ دباؤ اور پریشر کی پرواہ کئے بغیر کیس پر توجہ دیں ٗ نیب قوم کی مدد اورسپورٹ کے ساتھ ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا ۔ منگل کو چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب لاہور کاد وسرے روز دورہ کیا ۔ ڈی جی نیب لاہور نے چیئرمین نیب کو سپریم کورٹ کی طرف سے نیب لاہور کو ریفر کئے گئے مقدمات جن میں سابق اوورسیز کمشنر افضال بھٹی کی تعیناتی، پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے علاوہ مقدمات جن میں طارق جواد اور مخدوم عمر شہریار اوردیگر کیخلاف انکوائری ، واپڈا کے افسران کیخلاف نیلم جہلم پراجیکٹ کی انکوائری، راشد محمود لنگڑیال کیخلاف انکوائری ، جواد قریشی سابق سی ای او پنجاب پاپولیشن انوولشن فنڈ، ظہیر عباس ملک سی ای او پنجاب ہیلتھ مینجمنٹ کمپنی، ڈاکٹر ناصر جواد سی ای او اربن سیکٹر پلاننگ اینڈ مینجمنٹ کمپنی، کیپٹن ریٹائرڈ عثمان سی سی او پنجاب صاف پانی کمپنی (ساؤتھ،) محمد علی عمار سی ای او پنجاب ہیلتھ فیسیلٹیز مینجمنٹ کمپنی، عثمان سعید سابق وائس پریزیڈنٹ نیشنل بینک آف پاکستان ، مال روڈ برانچ، ایز گارڈن نائن اور ایگری ٹیک لمیٹڈ کمپنی کیخلاف انکوائری اور حماد ارشد ،گلوبیکو اور ڈی ایچ اے سٹی لاہور کیخلاف انوسٹی گیشن پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ معزز سپریم کورٹ پاکستان کی طرف سے نیب کو بھجوائے گئے تمام مقدمات کو انتہائی محنت، میرٹ ، شفافیت ، ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو بھی ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں ٗکسی کا مرتبہ اور عہدہ نیب کے دفتر کے باہر ختم ہو جاتا ہے۔ نیب میں ہر ایک کے ساتھ بلا تفریق قانون کے مطابق سلوک کیا جائیگا ٗہر شخص کی عزت نفس کا احترام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں ٗ نیب ملکی دولت کو لوٹنے والوں کے ساتھ نہ صرف آہنی ہاتھوں سے نمٹے گا بلکہ ان سے قوم کی لوٹی گئی دولت برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کروانے کے علاوہ بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریگا۔انہوں نے نیب افسران اہلکاروں کوہدایت کی کہ وہ کسی دھمکی ٗدباؤ اورپریشر کی پرواہ کئے بغیر چہرے کی بجائے کیس پرتوجہ دیں کیونکہ پوری قوم ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے نیب کی طرف دیکھ رہی ہے۔ نیب قوم کی مدد اورسپورٹ کے ساتھ ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

چیئرمین نیب

مزید : صفحہ اول