نیب کی کارروائیاں شفاف نہیں ہونگی تو انگلیاں اتھیں گی : شہباز شریف
کراچی(سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ میری رائے کے مطابق قومی حکومت ہی ملک کے مسائل کا حل ہے۔ ہم آئندہ الیکشن میں جیتے تو پھر بھی قومی حکومت بنائیں گے اور اگر کسی اور نے حکومت بنائی تو اس کے ساتھ تعاون کریں گے ۔ کالا باغ ڈیم پر بحث وقت کا ضیاع ہے ۔ بھاشا ڈیم اور دیگر چھوٹے ڈیموں کی شدید ضرورت ہے ۔ پانی کا بحران سنگین صورت حال اختیار کر رہا ہے ۔ بھارت سے معاشی جنگ لڑنا ہو گی ۔ کشکول توڑنے کیلئے قوم کو مزید فیصلے کرنا ہوں گے ۔ آئندہ پرامن انتخابات کے انعقاد میں کوئی ابہام نہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ جمہوری انداز میں انتقال اقتدار ہو ۔ کراچی کی حالت دیکھ کر رونا آتا ہے ۔ اگر نیب اور دیگر اداروں کی کارروائیاں شفاف نہیں ہوں گی تو انگلیاں اٹھیں گی۔بچت والے پراجیکٹ میں اگر نیب بلاتی ہے تو ہم پیش ہونگے۔ کراچی میں گرین لائن منصوبہ پر پیسے فراہم کردیے لیکن بسیں نہیں چلیں کیونکہ کچھ مفاد پرست ان ممالک میں جاکر میٹھائی مانگنے چلے گئے، شہر مین بس سروس کا کام بھی مٹھائی نہ ملنے کے سبب سابق حکومت نہ لاسکی مگر یہ بھی مسئلے کا حل نہیں، جب یہ رویے ہونگے تو کیسے کام ہونگے۔ پورٹ اور تجارت کے ساتھ روشنیوں کے شہر کا حال دیکھ کر افسوس ہوتا ہے، کراچی میں بجلی کمی ہے اور کے الیکٹرک کے دو منصوبے بند ہیں کیوں نہیں چلاتا ، بہت تلخ حقائق ہیں۔ کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر اور معاشی حب ہے، کراچی سے اس لیے الیکشن لڑرہا ہوں کہ یہ پاکستان کا دل ہے، پہلے کراچی میں بھتا خوری اور ٹارگٹ کلنگ ہوتی تھی، ہماری حکومت نے کراچی کا امن بحال کیا، رینجرز اور پولیس کی خدمات کا اعتراف بھی ضروری ہے، دہشت گردی کا قوم اورفوج نے بڑی جان فشانی سے مقابلہ کیا۔ سالڈ ویسٹ کی وجہ سے کراچی کا ماحول تبدیل ہوگیا ہے، شہر کراچی کے 2 کروڑ کی آبادی کے ساتھ زیادتی ہے۔ یہاں پبلک ٹرانسپورٹ اہم مسئلہ ہے جس کی وجہ سے عام آدمی بحران میں مبتلا ہے، کراچی میں کم از کم 10 میٹرو لائن ہونی چاہئیے تھیں، ہم آئندہ کراچی میں3اورنج میٹرو لائنز لائیں گے۔ نواز شریف اور مریم نواز قانون کی حکمرانی کے لیے عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں ۔ قانون کے مطابق شریف فیملی ان مقدمات کا سامنا کرے گی ۔ ہم گھبرانے والے نہیں ۔ آئندہ الیکشن اپنی کارکردگی کی بنیاد پر جیتیں گے ۔ کرپٹ اور دھرنا عناصر سے ووٹ کی طاقت سے مقابلہ کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ کے رہنما کھیل داس کوہستانی کی صدار ت میں ملاقات کے لیے آنے والے وفد ، این اے 249 کے کارکنان ، خواتین بزنس کمیونٹی ، پروفیشنلز اور ینگ پروفیشنلز کے وفد ، کاروباری افراد سے تعلق رکھنے والے وفد اور سینئر صحافیوں اور دیگر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ پاکستان ہم سب کا ہے ۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے ہمیں مل کر جدوجہد کرنا ہو گی ۔ تمام مذاہب انسانیت کا پیغام دیتے ہیں ۔ پاکستان کا آئین تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق ہے ۔ قائد اعظم نے اقلیتوں کے حقوق کی ذمہ داری لی تھی ۔ جو آج بھی قائم ہے ۔ سکھوں ، ہندووں ، مسیحی برادری ، پارسی سمیت تمام اقلیتوں کے تحفظ اور ترقی کے لیے مسلم لیگ (ن) بھرپور کردار ادا کرے گی ۔ سینئر صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے 10 ہزار میگاواٹ کی سستی بجلی کے منصوبے لگائے ۔ شفاف انتخابات کے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں ۔ اگر ہمیں ملک کی خدمت کا موقع ملا تو قومی حکومت بنائیں گے ۔ قومی حکومت ہی ملک کے مسائل حل کر سکتی ہے ۔ اگر ہماری حکومت نہ بنی تو جس کی بھی حکومت بنی تو اس سے تعاون کریں گے ۔ قومی حکومت میری ذاتی رائے ہے ، مسلم لیگ (ن) کی نہیں ۔ ہمیں ہندوستان سے معاشی جنگ کرنی ہے ۔ اس معاشی جنگ کے لیے تیاری کرنا ہو گی ۔ کشکول توڑنے کے لیے قوم کو سخت فیصلے کرنا ہو ں گے ۔ پانی کا بحران سنگین مسئلہ ہے ۔ اس مسئلے کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا ۔ کالا باغ ڈیم پر مزید وقت ضائع نہیں کیا جا سکتا ۔ این ایف سی ایوارڈ کو بدلنا ممکن نہیں ۔ ٹیکس چوری روکنا ہو گی ۔ ٹیکس ریکوری بہتر کرنا ہو گی ۔ ٹیکس کے نظام میں اصلاحات کرنا ہوں گی ۔ الٹے ہوں گے ، سیدھے ہوں گے ، بھاشا ڈیم بنائیں گے ۔ آزادی صحافت کے بغیر معاشرہ زندہ نہیں رہ سکتا ۔ میں آزادی صحافت پر یقین رکھتا ہوں ۔ خراب کام پر پکڑ اور اچھے کام کی پذیرائی ہونی چاہئے ۔ اگر ہمیں موقع ملا اور اکثریت ملی تو اپنی قومی حکومت بنائیں گے ۔ مجھے کوئی ابہام نہیں کہ انتخابات شفاف ہوں گے اور انتقال اقتدار ہو گا ۔ میری خواہش ہے کہ کراچی کی ترقی ہو ۔ قانون کی حکمرانی کے بغیر معاشرہ نہیں چل سکتا ۔ میاں نواز شریف اور مریم نواز قانون کی حکمرانی کے لیے نیب کورٹ میں پیش ہوتے ہیں ۔ جب میں نے بجلی کے منصوبے اپنے وسائل سے لگانے کی بات کی تو میری اپنی جماعت میں مخالفت ہوئی ۔ کوئی یہ ماننے کے لیے تیار نہیں تھا کہ یہ منصوبے ہم لگا سکتے ہیں ۔ آج وہ سب پلانٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں اور لوڈشیڈنگ کو کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں ۔ ہم نے سستے بجلی کے منصوبے لگا کر قوم کی خدمت کی ہے۔ ہم نے گڈو پاور پلانٹ سے آدھی قیمت پر بجلی کے منصوبے لگائے ہیں ۔ ہم نے نیک نیتی اور محنت سے کام کیا ۔ اس لیے اللہ نے ہم پر اپنا کرم کیا ۔ ان بجلی کے منصوبوں کی وجہ سے شدید گرمی اور رمضان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کم تھی ۔ ہم آج بھی اپنے وسائل سے ترقی کر سکتے ہیں ۔ پاکستان کو غربت اور بجلی کے مسائل سے نکالا جا سکتا ہے ۔ قائد آباد داود چورنگی پر مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدراورامیدواربرائے قومی اسمبلی حلقہ 238 شاہ محمد شاہ کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ25جولائی کو مسلم لیگ ن کے نامزد امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب بنایا جائے میں آپ سے وعدہ کرتا ھوں 6 مہینے میں کراچی شہر کا کچرا گندگی صاف کردونگا اور تین سال کے عرصے میں ہر گھر میں پانی پہنچاں گا سندھ کو پنجاب جیسا شہر بناں گا انہوں نے بڑی تعداد میں جلسہ میں شرکت کرنے والے لوگوں اور مسلم لیگی ورکرز کا شکریہ ادا کیا میاں شہبازشریف نے قائد آباد لانڈھی کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ میں اس علاقے کو نہیں بھول سکتا یہاں سے بکتر بند گاڑی میں کورٹ جاتا رہا ہوں ۔انہوں نے کہاکہ کراچی کا پیسہ دوسرے سیاستدان دبئی لے گئے امریکہ لے گئے سوئزرلینڈ لے گئے وہ واپس لانا ہے اور کراچی کو پیرس جیسا شہر بنانا ہے کراچی میں کوڑے کرکٹ اور غلاظت کے ڈھیرلگے ہوئے ہیں میں وعدہ کرتا ہوں کہ کراچی والوں کی خدمت کرونگا۔
شہباز شریف