سارک کے احیاء کیلئے بھوٹان اپنا کردار ادا کرے : نگران وزیر اعظم

سارک کے احیاء کیلئے بھوٹان اپنا کردار ادا کرے : نگران وزیر اعظم

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)نگران وزیراعظم جسٹس (ر)ناصر الملک نے کہا ہے کہ بھوٹان سارک کے احیاکیلئے اپنا کردار ادا کرے، پاکستان بھوٹان کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ بھوٹان کے پاکستان کیلئے نان ریذیڈنٹ سفیر سونم توبدن ربگی کی قیادت میں 10رکنی وفد نے ملاقات کی۔نگران وزیراعظم جسٹس(ر)ناصر الملک نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوء بھوٹان کے ساتھ تعلیم، سیاحت، ثقافتی تبادلوں اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ بھوٹان کے سفیر نے گرمجوشی سے خیرمقدم اور میزبانی پر نگران وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تعاون کیلئے وسیع مواقع کے حوالہ سے نگران وزیراعظم کے خیالات سے اتفاق کیا۔قبل ازیں وزیراعظم آفس میں وزارت میری ٹائم افیئرز، اس کے محکموں اور خودمختار اداروں کے امور کار کے بارے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے وزارت سمندری امور کو گوادر بندرگاہ کی ترقی سے متعلق مسائل کے حل کیلئے جامع اور ٹھوس تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ سیکریٹری میری ٹائم افیئرز نے وزارت میری ٹائم افیئرز، کراچی پورٹ ٹرسٹ، پاکستان ڈیپ واٹر کنٹینر پورٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی، گوادر پورٹ اتھارٹی اور اپنی وزارت کے ماتحت دیگر اداروں کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی کارکردگی کا جائزہ پیش کرتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ کے پی ٹی نے 2017-18ء کے دوران 4341 ملین روپے منافع کمایا۔ اسی طرح پورٹ قاسم نے بھی 2016-17ء اور 2017-18ء کے دوران بالترتیب 4442 ملین روپے اور 5870 ملین روپے کمائے۔ گوادر بندرگاہ اور گوادر فری زون ایریا کی ترقی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری میری ٹائم افیئرز نے بندرگاہ کی ترقی کیلئے پیش کردہ مختلف مراعات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بجلی سے متعلق اور پینے کے پانی کی دستیابی کے بارے میں بعض مسائل کا بھی ذکر کیا جن کی وجہ سے گوادر کی تیز تر ترقی میں رکاوٹ ہے۔ وزیراعظم نے وزارت اور اس کے مختلف اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزارت کو گوادر کی ترقی سے متعلق مسائل کے حل اور ماہی پروری کے وسائل کے تیزی سے ضیاع کی روک تھام کے لئے جامع اور ٹھوس تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔

نگران وزیراعظم

مزید : صفحہ اول