میئر ملتان سرکاری وسائل میرے خلاف استعمال کررہے ہیں‘ شاہ محمودقریشی

میئر ملتان سرکاری وسائل میرے خلاف استعمال کررہے ہیں‘ شاہ محمودقریشی

ملتان(نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصا ف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میرے مد مقابل میئر ملتان کی بھابی اور وحید ارائیں کی اہلیہ الیکشن لڑ رہی ہیں جس کیلئے میئر ملتان کا دفتر اور سرکاری وسائل استعمال ہو رہے ہیں الیکشن کمیشن اور ملتان انتظامیہ خاموش دکھائی دے رہی ہے۔ میئر ملتان کا دفتر اورکارپوریشن کا عملہ میرے خلاف تمام توانائیاں اور وسائل استعمال کررہے ہیں ۔ الیکشن کمیشن خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہا ہے۔ الیکشن کمیشن اور نگران پنجاب حکومت فوری کارروائی کرے ورنہ احتجاج کرینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 156ملتان کی یونین کونسل14میں پی ٹی آئی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بابر شاہ ‘ حاجی جاوید اختر انصاری ‘ ملک اختر بھٹہ ‘ رانا عبدالجبار ‘ الحاج مختیار انصاری‘ مخدوم شعیب اکمل ہاشمی ودیگر پی ٹی آئی رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے واضح ہدایات جاری کیں تھیں کہ شفاف انتخابات کروائے جائینگے۔لیکن الیکشن کمیشن کی ہدایات کے برعکس میونسپل کارپوریشن ملتان کی پوری مشینری وسائل اور میئر ملتان کا دفتر میرے حلقے میں استعمال ہو رہا ہے ۔ جو کہ الیکشن کمیشن کے احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اور پری پول دھاندلی ہے۔ انہوں نے کہا ن لیگ کی حکومت ختم ہو چکی ہے لیکن باظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ ن لیگ کے نمائندہ انتظامیہ کی صورت میں موجود ہیں۔جومیئر ملتان مکمل سپورٹ کررہے ہیں اور ان کی بھابی جو میرے مدمقابل امیدوار ہیں ان کو مکمل سپورٹ کررہے ہیں۔ انہو ں نے کہا میں اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کو تحریر درخواست بھی پیش کرونگا۔انہو ں نے کہا الیکشن کمیشن اورنگران وزیراعلیٰ پنجاب کو میں درخواست کرونگا کہ وہ اس سلسلے میں فوری کارروائی کریں اور میرے حلقے میں استعمال ہونے والی سرکاری مشینری اور وسائل کا استعمال روکا جائے ۔ انہوں نے کہا اگر سرکاری وسائل کا استعمال میرے الیکشن میں نہ روکا گیا تو میں بھر پور احتجاج کرونگا اور اس معاملے کو اعلیٰ سطح تک لے جاؤنگا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کو تحریک انصاف کا لاڑکانہ بنائینگے۔ 2018ء میں پنجاب اور بلخصوص ملتان تحریک انصاف کا گہوارہ ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا ملتان کے لوگ فیصلہ کر چکے ہیں کہ پاکستان میں تبدیلی لانی ہیں۔ہم نے آزمائے ہوئے لوگوں کو نہیں آزمانا ۔ ہم اپنی سیاسی بصیرت سے لوگوں کو قائل کرینگے اور بتائیں گے کہ تحریک انصاف ہی میں ملک اور قوم کی بقاء ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے لوگ فیصلہ کر چکے ہیں کہ تحریک انصاف کے ایجنڈے کو ملک کے کونے کونے میں پہنچائیں گے۔ 2013ء میں جس طرح تحریک انصاف نے کے پی کے میں میدان جیتاتھا اس طرح 2018ء میں پنجاب کا میدان ماریں گے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا آج کی سیاست ووٹوں کی سیاست کی جگہ نوٹوں کی سیاست ہو گئی ہے۔ نواز شریف کہتے ہیں کہ ووٹ کو عزت دو لیکن انہوں نے آج تک ووٹر کی عزت نہیں کی اور ووٹ کا تقدس کبھی نہیں رکھا۔ انہوں نے کہا نواز شریف نے جب بھی اقتدار آئے عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے اراکین کی توہین کی۔ الیکشن کے نزدیک انہیں ووٹ کو عزت دو کا نعرہ یاد آجاتا ہے۔ اس کنونشن میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔دریں اثناء مخدوم شاہ محمود قریشی نے الیکشن کمپیئن کے سلسلے میں مختلف یو نین کونسلوں کا دورہ کیا۔ ڈور ٹو ڈور گئے عوام سے ملے اور یونین کونسلوں کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی۔انہوں نے حلقہ157 یونین یونین کونسل131جٹھ کا دورہ کیااس موقع پر ن لیگ کے چیئرمین عبدالشکور گجر نے اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان کیا اور مخدومزادہ زین حسین قریشی کی حمایت کا اعلان کیا۔ این اے 156 کی یونین کونسل 62 سے سابق ناظم ملک خضر ورک نے ن لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت اور مخدوم شاہ محمود قریشی کی حمایت کا اعلان کیا ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے یونین کونسل17کا دورہ کیا ڈور ٹو ڈور کمپیئن کی اور تحریک انصاف کی حمایت کیلئے درخواست کی۔مخدوم شاہ محمود قریشی توکل ٹاؤن میں میجر (ر)عمران کی رہائش گاہ پر گئے اور کارنر میٹنگ سے خطاب کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما رانا عبدالجبار ‘ ملک غلام عباس کھاکھی ‘ اسلم سعید قریشی‘ مخدوم شعیب اکمل ہاشمی ‘ حاجی جاوید اختر انصاری ودیگر شخصیات ان کے ہمراہ تھیں۔

شاہ محمود

مزید : کراچی صفحہ اول