آئیڈیاز 2018کے انعقاد میں تعاون کرینگے،نگراں وزیراعلیٰ سندھ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)نگراں وزیراعلی سندھ فضل الرحمان نے ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈیپو)میجر جنرل احمد محمود حیات کو کراچی میں نومبر کو منعقد ہونے والی انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزی بیشن اینڈ سیمینار (IDEAS 2018) دفاعی نمائش کے حوالے سے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اس حوالے سے ہر قسم کا تعاون کرے گی۔ یہ بات انہوں نے منگل کو وزیراعلی ہاوس میں ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن میجر جنرل احمد محمود حیات سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں ڈی جی ڈیپو نے وزیراعلی سندھ کو آئیڈیاز ایکسپو میں شرکت کی دعوت بھی دی، وزیراعلی سندھ نے ان کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا اپنا ایوینٹ ہے ہم بھرپور شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 بہت اہم ہے جس سے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو دنیا کے آگے رکھا جاتا ہے اور دفاعی صلاحیت ہی امن کی ضامن ہے۔