الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی پابندی کی راہ میں رکاوٹ برداشت نہ کرے: سراج الحق

الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی پابندی کی راہ میں رکاوٹ برداشت نہ کرے: سراج الحق

لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے لیے نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کو پوری دیانتداری اور اخلاص سے فیصلے کرنا ہوں گے ۔ الیکشن کمیشن اپنے ضابطہ اخلاق کی پابندی کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہ کرے ۔ لیٹروں ، روایتی سیاستدانوں ، ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کا راستہ روکنے کے لیے انتخابی قوانین کو حرکت میں آناچاہیے ۔ جن لوگو ں نے ملک و قوم کو نقصان پہنچایا ، وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ۔ ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب دیر لوئر میں مختلف ملاقاتوں کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان اس وقت کسی نئے تجربے کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔ کرپشن کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے کرپٹ لوگوں کا راستہ روکنا بہت ضروری ہے ۔ جن لوگوں کو ہتھکڑیوں میں جکڑ کر جیلوں میں پھینکنا چاہیے ، ان کو الیکشن لڑنے کی اجازت دینا ملک و قوم کے ساتھ ظلم ہے ۔ الیکشن کمیشن کو جرائم پیشہ لوگوں سے کوئی ہمدردی نہیں ہونی چاہیے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بار بار آزمائے ہوئے لوگوں کے فریب میں نہ آئیں اور متحدہ مجلس عمل کے دیانتدار اور باکردار امیدواروں کے ساتھ کھڑے ہوجائیں تاکہ کرپٹ لوگوں کو عوام کی قسمت سے کھیلنے کا مزید موقع نہ مل سکے۔

مزید : صفحہ آخر