نگران وزیراعظم، وزارے اعلیٰ جانبدار ، فی الفور مستعفی ہوں، محمدعلی درانی
اسلام آباد (آئی این پی ) سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے نگران وزیراعظم جسٹس (ر)ناصرالملک اور چاروں نگران وزرااعلی سے فی الفور مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ منگل کومیڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہامرکزی اور صوبائی عبوری حکومتیں مکمل طورپر جانبدار اور آئینی مدت مکمل کرنیوالی سابقہ حکومتوں کا تسلسل ثابت ہوئی ہیں۔حقیقت یہ ہے صوبائی حکومتی مشینری اور بلدیاتی ادارے پنجاب اور سندھ کی گزشتہ حکومتوں کو اقتدار میں واپس لانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہیں۔ یہ تمام کام کھلے عام ہورہا ہے اور انتخابی عمل بے معنی ہوکر رہ گیا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا نگران حکومت کی سرپرستی میں چاروں گورنر ہاؤس مسلم لیگ(ن)کے الیکشن سیل بن چکے ہیں جبکہ پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی ادارے سرکاری وسائل پر پی پی پی اور مسلم لیگ (ن)کی الیکشن مہم چلانے میں مصروف عمل ہیں۔ نگران وزیراعظم اور وزارے اعلی اپنی غیرجانبداری ثابت نہیں کرسکے جو ملک میں شفاف، غیرجانبدارانہ اور آزادانہ انتخاب کے انعقادکا بنیادی آئینی، جمہوری اور قانونی تقاضا ہے۔ عوام کی رائے کے آزادانہ اظہار کے راستے مسدود کرنا بڑی آئین شکنی ہے۔ اس ضمن میں عدالت عظمی اپنا آئینی کردار ادا کرے تاکہ قوم کے بنیادی آئینی حقوق کا تحفظ ہو۔ایسے شواہد جمع کئے جاچکے ہیں جو مرکزاور صوبائی سطح پر نگران حکومت کی سرپرستی میں حکومتی مشینری اور وسائل کے استعمال اور جانبدارانہ اقدامات کو ثابت کرتے ہیں۔ ان شواہد کی تفصیلات سوشل میڈیا پر پہلے ہی آچکی ہیں۔
محمدعلی درانی