انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ،ڈی سی ڈیرہ

انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ،ڈی سی ڈیرہ

پشاور( سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نعمان افضل آفریدی نے کہا ہے کہ جنرل الیکشن 2018ء کو آزادانہ ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ طریقے سے منعقد کرانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور الیکشن کمیشن کی طرف سے امیدواروں کیلئے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانے کیلئے انہیں پابند بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج اپنے دفتر میں جنرل الیکشن 2018ء کے دوران الیکشن کمیشن کی طرف سے امیدواروں کیلئے ضابطہ اخلاق کی پابندی کروانے کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس سے کیا۔اجلاس میں ریجنل الیکشن کمشنر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ، مانیٹرنگ آفیسرز، ٹی ایم اوز کے نمائندوں کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ جنرل الیکشن کیلئے تمام محکموں کے باہمی تعاون سے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔الیکشن کیلئے سازو سامان کی ترسیل مکمل ہو چکی ہے جبکہ الیکشن کیلئے تعینات ہونے والے عملے کی تربیت کر لی گئی ہے۔ اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان کے تمام پولنگ سٹیشنز اور وہاں پر تعینات ہونے والے عملے کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اسی طرح مانیٹرنگ عملہ بھی اپنے فرائض احسن طور پر سرانجام دے رہا ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کو آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ طور پر منعقد کرانے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے، دھاندلی کی روک تھام اور بوگس ووٹ پول کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ کے طریقہ کار کی مانیٹرنگ کیلئے ملکی و غیر ملکی مبصرین کی ٹیمیں مختلف پولنگ سٹیشنز پر پولنگ کے طریقہ کار کا جائزہ لیں گی اور پولنگ کے شفاف عمل کو ہر صورت یقینی بنانا تمام ادارو ں کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے الیکشن کیمپین کے دوران امیدواروں کیلئے ضابطہ اخلاق مقرر کیا گیا ہے جس پر عملدرآمد کرنا اور انہیں اس کا پابند بنانا انتہائی ضروری ہے۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنیوالے امیدواروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر