پولٹری کے کاروبار کی ترویج ، مرغی کے گوشت کی قیمتوں کا جائزہ اجلاس

پولٹری کے کاروبار کی ترویج ، مرغی کے گوشت کی قیمتوں کا جائزہ اجلاس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نعمان افضل آفریدی کی ہدایت پر پولٹری کے کاروبار کی ترویج ، مرغی کے گوشت کی قیمتوں کا جائزہ اور اس کے دوسرے ممالک میں برآمد پر پابندی عائد کرنے سے متعلق ایک اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور عالم خان نے کی۔ اجلاس میں محکمہ خوراک اور لائیو سٹاک کے افسران و نمائندوں کے علاوہ تحصیلدار پروآ، پہاڑپور، پولٹری ایسو سی ایشن ڈیرہ کے عہدیداران و انجمن تاجران کے دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ پولٹری کو وائرل بیماری سے بچاؤ کیلئے اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ پنجاب میں اس وقت وائرل بیماری سے پولٹری متاثر ہو رہی ہے جبکہ عید الفطر کے موقع پر دیگر شہروں سے آنے والے افراد کی وجہ سے ہوٹلوں اور ریستورانوں میں پولٹری کا استعمال بہت زیادہ ہوا ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پولٹری کی قیمتیں متاثر ہونے کی بڑی وجہ کنٹرول شیڈ کا استعمال ہے کیونکہ مارچ کے مہینے کے بعد اوپن شیڈ کا استعمال نہیں کیا جا سکتا اور پولٹری صرف کنٹرول شیڈ تک محدود ہو جاتی ہے جبکہ دوسری وجہ افغانستان و دیگر ممالک کو برآمد کرنا ہے تاہم اس کی روک تھام کیلئے اقدامات انتہائی ناگزیر ہیں۔اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور عالم خان نے کہا کہ کنٹرول شیڈ کے استعمال سے پولٹری کی قیمتوں میں توازن قائم کیا جا سکتا ہے جبکہ اس کی برآمدات کو روکنے کیلئے دفعہ 144کے نفاذ پر غور و خوض کیا جائیگا تاکہ پولٹری وافر مقدار اور مناسب قیمتوں پر شہریوں کو میسر آ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ تاجر تنظیموں کے تعاون سے ایسے اقدامات اٹھانا چاہتی ہے جس سے پولٹری کے کاروبار پر منفی اثرات نہ پڑیں۔