ایف ایم ریڈیوز کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں:وزیر اطلاعات

ایف ایم ریڈیوز کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں:وزیر اطلاعات

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات وتعلقات عامہ اور سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ظفر اقبال بنگش نے کہاہے کہ محکمہ اطلاعات صوبے کی تمام اضلاع میں ایف ایم ریڈیوز کے قیام اورخیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی علاقوں تک ایف ایم ریڈیوزکی نشریات کی توسیع کے لئے ایک جامع پلان مرتب کرے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کے روز محکمہ اطلاعات کے پختونخوا ریڈیو ایف ایم 92.2 کے دورہ کے دوران کیا۔ اس موقع پر سٹیشن ڈائریکٹر پختونخوا ریڈیو ایف ایم 92.2 محمدسلیم خان نے نگران صوبائی وزیراطلاعات کو ایف ایم ریڈیو کے اغراض ومقاصد ،پروگراموں اور ریڈیو کے انفراسٹرکچر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔اس موقع پر وزیر اطلاعات کا کہناتھا کہ موجودہ دور میڈیاکا دور ہے جس میں الیکٹرانک میڈیا بالخصوص ایف ایم ریڈیوز کی اہمیت سے انکار نہیں کیاجاسکتاہے ۔دورحاضر کے تقاضوں کے مطابق محکمہ اطلاعات کا ایف ایم ریڈیوز کاصوبہ بھر میں قیام یقینی بنا ناناگزیر ہے تاکہ صوبے کے عوام کو حکومتی اقدامات سے متعلق معلومات کی فراہمی اور تفریحی پروگراموں کی نشریات یقینی بنائی جاسکیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے پختونخواایف ایم ریڈیو پشاور کے نو تعمیر شدہ اسٹوڈیوکابھی معائنہ کیا۔ اس موقع پرڈائریکٹرجنرل انفارمیشن امداداللہ اور پریس رجسٹرار فردوس خان کے ساتھ ساتھ متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

Bac

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر