31 ہزار ووٹوں سے جیتنے والے رہنما عارف سندھیلہ کو ٹکٹ نہیں دیا گیا

31 ہزار ووٹوں سے جیتنے والے رہنما عارف سندھیلہ کو ٹکٹ نہیں دیا گیا
 31 ہزار ووٹوں سے جیتنے والے رہنما عارف سندھیلہ کو ٹکٹ نہیں دیا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے شیخوپورہ میں گزشتہ صوبائی اسمبلی کے الیکشن میں 31 ہزار ووٹوں کے ووٹوں سے جیتنے والے مخلص کارکن محمد عارف خان سندھیلہ کو ٹکٹ دینے سے انکار کر دیا ہے، سندھیلہ نے 2013ء میں حلقہ پی پی 140 میں 42 ہزار جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار میاں خالد محمود نے صرف 11 ہزار ووٹ حاصل کئے۔

مقامی اخبار کے مطابق عارف سندھیلہ کی پارٹی کے لئے 30 سالہ لاثانی خدمات ہیں، اب پارٹی قیادت نے حلقے کا ٹکٹ سابق کونسلر یاسر گجر کو دیدیا ہے۔ پی ٹی آئی نے اس حلقے میں میاں خالد محمود کو ٹکٹ دیا ہے۔ عارف سندھیلہ نے مشکل وقت میں پارٹی کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں، اب وہ پارٹی کے سلوک سے مایوس ہیں اور ان کا پارٹی چھوڑنے کا کوئی منصوبہ نہیں، وہ پارٹی قیادت کے خلاف بولنا پسند نہیں کرتے کیونکہ ان کی نواز شریف کے ساتھ جذباتی وابستگی ہے اور انہوں نے نواز شریف کیلئے پیرس بھی چھوڑا، نواز شریف نے ذاتی طور پر 2 ہفتے قبل عارف سندھیلہ کو الیکشن کی مہم جاری رکھنے کا کہا لیکن اس کے باوجود ان کو ٹکٹ دینے سے انکار کر دیا گیا۔

عارف سندھیلہ نے احتساب عدالت میں بھی آئندہ انتخابی حکمت عملی کے حوالے سے نواز شریف سے ملاقات کی تھی، سندھیلہ نے شیخوپورہ میں مہم شروع کی اب وہ شیخوپرہ میں شرمندگی محسوس کر رہے ہیں کہ وہ نہیں جانتے کہ ووٹرز کا کیسے سامنا کریں اور اپنا کیس بیان کریں، اب بھی وہ ناامید نہیں ہیں، انہیں یقین ہے کہ پارٹی قیادت کو کوئی شخص بتائے گا کہ مذکورہ حلقے میں عارف سندھیلہ سب سے مناسب امیدوار ہیں اور ٹکٹ کے حقدار ہیں، اب بھی بہت سے لوگوں کو یاد ہے کہ مشرف دور میں وہ کیسے باہر نکلے اور نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہٹانے پر بھی بھوک ہڑتال کی۔

انہوں نے مشرف دور میں نواز شریف کی گرفتاری کے بعد بیگم کلثوم نواز کے ساتھ کام کیا۔ اپنے والد کی وفات کے وقت عارف سندھیلہ میانوالی جیل میں تھے اور ہتھکڑیوں کے ساتھ نماز جنازہ میں شرکت کی تھی۔ وزیراعلیٰ منظور وٹو کے دور حکومت میں ماڈل ٹائون میں شریف خاندان کی رہائش کے باہر سکیورٹی بیریئرز ہٹانے کے حکم پر بھی سندھیلہ نے بھوک ہڑتال کی تھی۔