پیراگون ہاﺅسنگ سکینڈل،خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید14 روز کی توسیع
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)احتساب عدالت لاہور نے پیراگون ہاﺅسنگ سکینڈل میں گرفتار خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کردی اور کیس کی سماعت 11 جولائی تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت لاہور میں پیراگون ہاﺅسنگ سکینڈل میں گرفتار خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کیس کی سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج جوادالحسن نے سماعت کی، خواجہ سعد رفیق قومی اسمبلی میں اجلاس کی وجہ سے پیش نہ ہوئے جبکہ نیب کی ٹیم نے خواجہ سلمان رفیق کو ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر احتساب عدالت میں پیش کردیا،اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، احتساب عدالت آنے والے راستوں خار دار تاروں اور کنٹینر سے بند کردیا گیا۔
دوران سماعت عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ سعدرفیق پیش کیوں نہیں ہوئے؟وکیل نے کہاکہ خواجہ سعدرفیق قومی اسمبلی کے اجلاس میں ہیں،عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی اور سماعت 11 جولائی تک ملتوی کردی ،عدالت نے آئندہ سماعت پرسعدرفیق کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔