جمہوریت کی بقاءکیلئے بھٹو خاندان کی قربانیاں لازوال ہیں، بینظیر بھٹو کی 66ویں سالگرہ کے موقع پر جیالوں کے جذبات و خیالات

جمہوریت کی بقاءکیلئے بھٹو خاندان کی قربانیاں لازوال ہیں، بینظیر بھٹو کی ...
جمہوریت کی بقاءکیلئے بھٹو خاندان کی قربانیاں لازوال ہیں، بینظیر بھٹو کی 66ویں سالگرہ کے موقع پر جیالوں کے جذبات و خیالات

  


دبئی (طاہر منیر طاہر) سابقہ وزیراعظم اور پی پی پی کی لیڈر محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا سلسلہ دوبئی ودیگر امارات میں تاحال جاری ہے ۔ ہر سال 21 جون کو پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا کا ہر وہ ملک جہاں پی پی پی کے جیالے موجود ہیں وہ یہ دن ضرور مناتے ہیں۔ محترمہ بی نظیر بھٹو کی سالگرہ کا دن اب تو انٹرنیشنل ایونٹ بن چکا ہے۔ اس بار بھی متحدہ عرب امارات کی مختلف ریاستوں میں بے نظیر بھٹو کی 66ویں سالگرہ بہت اہتمام کے ساتھ منائی گئی۔

دبئی میں ہونے والی سالگرہ کی ایک تقریب میں پاکستان سے پیر مظہر الحق سابقہ سینئر وزیر اور ممبر سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی پی پی پی نے بھی شرکت کی جبکہ اسی تقریب میں میاں منیر ہانس، سردار جاوید یعقوب، ذوالفقار مغل، ملک محمد اسلم، شیریں درانی، نثار خٹک، فاروق چیچی، رضوان عبداللہ اور فضل درانی کے علاوہ متعدد لوگوں نے شرکت کی۔ بے نظیر بھٹو کی 66ویں سالگرہ کے موقع پر بڑے سائز کا کیک کاٹا گیا اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی گئی۔ سالگرہ کی تقریب کے دوران پی پی پی کے سینئر رہنماﺅں اور کارکنوں نے اپنی لیڈر کو بہترین الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو ایک عظیم سیاسی لیڈر تھیں انہوں نے ساری زندگی پاکستان کے عوام کی خوشحالی کے اقدامات میں گزاری جبکہ جمہوریت کو بچانے اور ملک میں صحیح معنوں میں جمہوریت کے فروغ کے لئے آخر دم تک کوششیں کیں۔

مقررین نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نہ صرف پاکستان کی سیاسی لیڈر تھیں بلکہ ان کی سیاسی خدمات کا اعتراف بین الاقوامی طور پر کیا جاتا ہے۔ محترمہ بے نظیر بھٹو کی سیاسی زندگی صرف اور صرف پاکستان اور پاکستان کے عوام کے لئے تھی لہٰذا انہیں جس قدر بھی خراج تحسین پیش کیا جائے وہ کم ہے۔ پی پی پی کے سینئر رہنماﺅں، قائدین، عہدیداران اور جیالوں نے اس بات کا عہد کیا کہ ہم بے نظیر بھٹو کا چھوڑا ہوا مشن مکمل کریں گے اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کے لئے کام کریں گے۔ مقررین نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے جبکہ جمہوریت کی بقاءکے لئے بھٹو خاندان کی قربانیاں سب سے زیادہ ہیں۔

مزید : عرب دنیا