اسلام آبادہائیکورٹ، نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزاکالعدم قراردینے کی اپیل پرسماعت ستمبر تک ملتوی

اسلام آبادہائیکورٹ، نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزاکالعدم قراردینے کی ...
اسلام آبادہائیکورٹ، نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزاکالعدم قراردینے کی اپیل پرسماعت ستمبر تک ملتوی

  


اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیراعظم نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کالعدم قراردینے کی اپیل پر سماعت ستمبر تک ملتوی ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کالعدم قرار دینے کی اپیل پر سماعت ہوئی،جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اخترکیانی پرمشتمل ڈویژن بنچ نے سماعت کی،دوران سماعت عدالت نے استفسارکیا کہ کیس بک کی تیاری میں آپ نے کیاکیا؟نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ پہلی بارپیپربک تیارکرکے ہمیں اطلاع دی گئی،جونامکمل تھی،اب کی بارپیپربک تیارکرنے سے پہلے ہمیں آگاہ کیاگیاپھرتمام 13 والیمز کاجائزہ لیا،خواجہ حارث نے کہا کہ ہم نے ایک مکمل چارٹ بنا کردیا اوربتایا کہ کہاں کون سی دستاویزموجود نہیں،عدالت نے استفسار کیاکہ کیاآپ نے کوئی درخواست رجسٹرارآفس کودی تھی؟خواجہ حارث نے کہا کہ ہم نے رجسٹرار آفس کو کوئی درخواست نہیں دی،پیپر بک سے کچھ صفحات مسنگ ہیں،کچھ دستاویزات کو صحیح جگہ پر نہیں لگایا گیا،ہم ابھی بھی پیپر بک مکمل کرنے میں مدد کر رہے ہیں۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ دستاویزات کی درستگی ایک ہی بار کرالیں، تاکہ کارروائی بڑھائی جاسکے،بارباررجسٹرارآفس کونہ کہناپڑے، ہمیں توصرف اسی ریکارڈکودیکھناہے جو ٹرائل کورٹ میں ریکارڈ پرآئے، جسٹس عامرفاروق نے کہاکہ پہلے ہی 20 ہزار صفحات ہوچکے ہیں مزید مت بڑھائیں، پیپر بک صرف ریکارڈ کو اکٹھا کرنے کیلئے بنائی جاتی ہے۔عدالت نے نیب سے استفسار کیا کہ کیاآپ نے رجسٹرارآفس کو ای میل بھیجی ہے؟

جسٹس محسن اخترکیانی نے خواجہ حارث سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ بتا دیجیے گادلائل کیلئے کتنے گھنٹے لیں گے، جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ یہ کیس ایک دن میں مکمل ہونے والا تو نہیں،ایسی کوئی دستاویزپیپربک میں نہیں لگے گی جوٹرائل کورٹ میں ریکارڈ پرنہیں آیا،عدالت نے کہا کہ آپکی اپیل پردلائل شروع ہوجائیں پھردیکھ لیں گے کہ کس طرح لے کرچلنا ہے، نوازشریف کے وکیل نے کہاکہ عدالت کچھ وقت دے دے تاکہ پیپر بک مکمل تیار ہو جائے۔عدالت نے اپیل پر سماعت ستمبرتک ملتوی کردی۔

مزید : قومی /علاقائی /اسلام آباد