عرفان کے ورثاء کو انصاف فراہم کیا جائے،سید ولی شاہ
پشاور(سٹی رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ(ن)ضم اضلاع کے سینئررہنماسیدولی شاہ آفریدی نے پشاورمیں سی ٹی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے کے دوران ضلع خیبرتحصیل باڑہ کے سکول ٹیچرعرفان اللہ کے قتل کے خلاف چیف جسٹس پشاورہائی کورٹ جسٹس وقاراحمدسیٹھ سے ازخودنوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکول ٹیچرکے جعلی مقابلے میں قتل کے خلاف باڑہ میں ہزاروں لوگ اورتاجربرادری سراپااحتجاج ہیں اور گزشتہ 4روز سے دھرنا دیئے بیٹھے ہیں جبکہ باڑہ بازارجزوی طورپربندہے لیکن تاحال حکومت نے کوئی نوٹس نہیں لیاحکومت کی بے حسی سے عوام میں سخت اشتعال پایاجاتاہے انہوں نے کہا کہ عرفان اللہ کو ماورائے عدالت ایک جعلی پولیس مقابلہ دکھا کر بے گناہ معلم کو قتل کیا گیا۔کسی بھی مجرم کو سزادینے کیلئے عدالتیں موجود ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعہ کے خلاف آزاد عدالتی کمیشن بنایا جائے اور شفاف تحقیقات کرکے ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔انہوں نے چیف جسٹس پشاورہائی کورٹ سے بھی ازخودنوٹس لینے کی اپیل کی اورکہاکہ ورثاء کوانصاف فراہم کیاجائے۔