ایس او پیز کے تحت تھیٹر کھولنے کی اجازت دی جائے،قیصر ثناء
لاہور (فلم رپورٹر)پروڈیوسر قیصر ثناء خان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اوروزیر اعلیٰ عثمان بزدار چھوٹے فنکاروں پر رحم کریں اور فوری طور پر ایس او پیز کے تحت تھیٹر کھولنے کی ہدایت جاری کردیں۔وہ گزشتہ روز میٹروپول سنیما میں 100سے زائد فنکاروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے۔قیصر ثنا ء اللہ خان کا کہنا تھا کہ اس وقت صورتحال بد سے بد تر ہورہی ہے ہم ان تمام اصحاب کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے رمضان المبارک اور عید کے موقع پر فنکاروں میں راشن تقسیم کیا اور آج بھی اییک درد دل رکھنے والے شخص نے فنکاروں کے لئے راشن بھیجا ہے۔اس موقع پر کامیڈین طاہر انجم نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان صاحب نیند سے بیدار ہو جائیں اور ہم غریبوں کے بارے میں سوچیں اگر یہی حالات رہے تو جونیئر فنکار بھوک سے مرنے پر مجبور ہوجائیں۔پاکستان کے سینئر فنکار لیجنڈ راشد محمود کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کے شکر گذار ہیں جنہوں نے فنکاروں کا فلاحی فنڈ 25کروڑسے بڑھا کر ایک ارب روپے کردیا مگر یہاں پر موجود ہر فنکار کا یہی کہنا ہے کہ ہمیں ابھی تک امداد ی مد میں ایک رپیہ بھی نہیں ملا ہے میری وزیر اعظم عمران خان سے درخواست ہے کہ تھیٹر والوں پر رحم کریں یہ بھیک مانگنے والے نہیں ہیں اور نہ ہی انہوں نے کبھی کسی سے امداد مانگی ہے برائے مہربانی تھیٹر کھول دیں تاکہ یہ لوگ اپنے روزگار کا بندوبست کرسکیں۔
مجھے یقین ہے کہ تمام تھیٹرز میں ایس او پیس کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔پریس کانفرنس سے سینئر فلم پروڈیوسر فیاض خان داد،ظفر ارشاد،سیم خان،سعدیہ شیخ،برجو سمیت دیگر کئی فنکاروں نے خطاب کیا اور وزیر اعظم عمران خان کی اس سنگین مسئلہ کی جانب توجہ دلوائی کئی سنکاروں نے وزیر اعظم کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا۔