سٹاک مارکیٹ میں تیزی، انڈیکس86۔229پوائنٹس بڑھ گیا، ڈالر 30پیسے مہنگا

سٹاک مارکیٹ میں تیزی، انڈیکس86۔229پوائنٹس بڑھ گیا، ڈالر 30پیسے مہنگا

  

کراچی (اکنامک رپورٹر)عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے رقوم کی آمد اور شرح سود میں مزید ایک فی صد کمی کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو تیزی رہی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی خریداری کی گئی جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 229.86 پوائنٹس کے اضافے سے33939.49پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ 49.85فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 21ارب46کروڑ24لاکھ روپے بڑھ گئی۔گزشتہ روزپاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص خریداری کا رجحان دیکھنے میں آیا جس کے نتیجے میں تیزی رہی اور دوران ٹریڈنگ 34ہزار کی نفسیاتی حد بحال کرتے ہوئے انڈیکس34030پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا بعد میں 34ہزار کی نفسیاتی حد بحال نہ رہ سکی لیکن تیزی کا رجحان غالب رہااور مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس229.86پوائنٹس کے اضافے سے33939.49پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 123.44پوائنٹس کے اضافے سے14680.15پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس81.06پوائنٹس کے اضافے سے24254.22پوائنٹس ہوگیا۔گذشتہ روز 339کمپنیوں کے حصص کاروبار ہوا جن میں سے169کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ149میں کمی اور21میں استحکام رہا۔تیزی کے سبب سرمائے کا مجموعی حجم64کھرب71کروڑ82لاکھ روپے سے بڑھ کر64کھرب22ارب18کروڑ6لاکھ روپے ہو گیا۔جمعہ کو19کروڑ81لاکھ87ہزار شیئرز کی لین دین ہوئی جو جمعرات کے مقابلے میں 2کروڑ97لاکھ58ہزار شیئرز کم ہے۔قیمتوں میں اتار چڑھاوکے اعتبار سے پریمئر شوگرکے حصص کی قیمت33.68روپے کے اضافے سے 485.37روپے اورسروس انڈسٹریز کے حصص کی قیمت 32.09روپے کے اضافے سے 790.75روپے ہو گئی جبکہ 16.92روپے کے کمی سے پاک ٹوبیکوکے حصص کی قیمت1510.09روپے اورپاک انجینئرنگ کے حصص 10.79روپے کی کمی سے 133.11روپے پر آ گئی۔نمایاں کاروباری سرگرمیوں کے لحاظ سے میپل لیف، پاک ریفائنری،ڈی جی خان سیمنٹ، یونٹی فوڈز،ٹی آر جی پاکستان،ہم نیٹ ورک، ہیسکول پٹرول،لوٹی کیمکل،پاور سیمنٹ اورکے الیکٹرک کے حصص سرفہرست رہے۔مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت جمعہ کو ایک لاکھ2800روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔آل سندھ صراف جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت1762ڈالربرقرار رہی جس کے زیر اثر ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ2800روپے اور دس گرام سونے کی قیمت88ہزار134روپے کی مستحکم رہی جب کہ چاندی کی فی تولہ قیمت 1050روپے بھی بغیر کسی تبدیلی کے برقرار رہی۔عالمی مالیاتی اداروں سے ڈیڑھ ارب ڈالر سے زائد رقوم کی موصول ہونے کے باوجود مقامی کرنسی مارکیٹوں میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی نہ آسکی اور جمعہ کو ڈالر کی قدر میں مزید 30پیسے کا اضافہ ہوگیاجس سے ڈالر167.90روپے کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق جمعہ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید30پیسے کے اضافے سے 167.30روپے سے بڑھ کر167.60روپے اور قیمت فروخت167.60روپے سے بڑھ کر167.90روپے ہو گئی جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید30پیسے کے اضافے سے167روپے سے بڑھ کر167.30روپے اور قیمت فروخت167.50روپے سے بڑھ کر167.80روپے ہوگئی۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قیمت خرید185روپے اور قیمت فروخت187روپے مستحکم رہی جب کہ برطانوی پونڈ کی قیمت خرید205.50روپے سے گھٹ کر205روپے اور قیمت فروخت207.50روپے سے گھٹ کر207روپے ہوگئی۔سعودی ریال کی قیمت خرید43.90روپے سے بڑھ کر44روپے اور قیمت فروخت44.40روپے سے بڑھ کر44.50روپے ہوگئی جب کہ یواے ای درہم کی قیمت خرید45روپے اورقیمت فروخت45.50روپے مستحکم رہی۔

سٹاک مارکیٹ

مزید :

صفحہ آخر -