نواز شریف، زرداری کے چکر میں ملک کو بدنام کیا جا رہا ہے،رانا ثنا اللہ
اسلام آباد(آن لائن) اپوزیشن جماعتوں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت نے ملک کا بیڑہ غرق، نام بدنام کر دیا ہے، پی آئی اے میں گھوسٹ پائلٹس کی انکوائری خفیہ رکھی جانی چاہئے تھی۔ وفاقی وزیرہوابازی کی پریس کانفرنس کے بعد عالمی میڈیا نے قومی ائیر لائن کا میڈیا ٹرائل شروع کر دیا ہے، خدارا قومی مفاد سے مت کھیلیں، نواز شریف اور زرداری کو نیچا دکھانے کے لئے پاکستان کے مفاد سے نہ کھیلا جائے۔ وفاقی وزیرہوابازی غلام سرور کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء رانا ثناء اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔ ان لوگوں نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام بدنام کر دیا ہے۔ ایسی باتوں کے بعد کیا کوئی بھی شخص پی آئی اے پر سفر کرے گا؟ یہ صرف ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو گرانے کے لئے کر رہے ہیں اور آصف زرداری اور نوازشریف کو بدنام کر رہے ہیں۔ یہ لوگ ہمیں نہیں پاکستان کو بدنام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی آئی اے میں جعلی بھرتیاں ہوئیں اور جعلی ڈگری و لائسنس ہولڈرز تھے تو اس کی انکوائری ہونی چاہیے۔ لیکن اس کو پبلک نہیں کرنا چاہیے تھا۔ انکوائری کریں، سزائیں دیں مگر معاملہ خفیہ رکھیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما لطیف کھوسہ نے کہا کہ خدارا قومی مفاد سے مت کھیلیں، پی آئی اے کو بدنام کرنے میں حکومت نے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ اگر پائلٹس کی ڈگریاں جعلی ہیں تو اس کی انکوائری خفیہ طور پر کی جانی چاہیے تھی اس کو آن دی فلور نہیں اٹھانا چاہیے تھا۔ اب پی آئی اے اپنی ساکھ کھو بیٹھے گی۔
ملک بدنام