مزدوروں کو سہولتیں فراہم کرنا اولین ترجیح،تنویر اقبال تبسم

  مزدوروں کو سہولتیں فراہم کرنا اولین ترجیح،تنویر اقبال تبسم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)پاکستان میں سوشل سیکورٹی کی سکیم عالمی ادارہ محنت کے چارٹر کی روشنی میں 1965ء سے نافذ العمل ہے۔ اس سکیم کے نفاذ سے قبل ہمارے ملک میں محنت کشوں کو اتنے وسیع پیمانے پر اور اتنے جامع و مربوط نظام کے تحت سہولیات اور مالی فوائد کی فراہمی کا کوئی بندوبست نہیں تھا۔ یہ سکیم صوبائی بنیادوں پر چاروں صوبوں میں نافذ ہے مگر صوبہ پنجاب میں سماجی تحفظ کی سکیم دیگرتین صوبوں کی نسبت بہت زیادہ فعال ہے۔ ادارہ پنجاب سوشل سیکورٹی(بقیہ نمبر24صفحہ6پر)
کا بنیادی مقصد تحفظ یافتہ کارکنان، ان کے بیوی بچوں اور والدین کو مکمل طبی سہولیات فراہم کرنا اور بیماری یا دوران کار زخمی ہونے کی صورت میں معاوضہ کی ادائیگی ہے۔ ادارہ پنجاب سوشل سیکورٹی تحفظ یافتہ کارکنان چاہے وہ مرد ہو یا عورت دونوں کو یکساں طور پر طبی اور مالی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہارکمشنر پنجاب سوشل سیکورٹی تنویر اقبال تبسم نے سمال انڈسٹریل اسٹیٹ میں سوشل سیکورٹی ہسپتال بہاول پور کے افتتاح کے موقع پر کیا۔انہوں نے اس موقع پر سوشل سیکورٹی کے ذمہ داران اور دیگر عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اپنی شبانہ روز کاوشوں کے ذریعے ہر قسم کے ہنگامی حالات سے نبردآزما ہیں۔ ادارے کے ذمہ داران نے خسرہ سے بچاؤ کی مہم، انسداد ڈینگی مہم اور کورونا وائرس سے بچاؤ کی مہم میں جس خوش اسلوبی، جذبے اورہمت کے ساتھ خدمات سرانجام دی ہیں وہ قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ہسپتال کو پچاس بیڈز پر مشتمل اور میڈیکل کی اعلیٰ سہولیات سے مزین کیا جائے تاکہ مزدوروں کو علاج معالجہ میں کسی بھی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے اس ہسپتال کو ریاست بہاول پور کے آخری فرمانروا ”نواب صادق محمد خاں عباسی“ کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے وضاحت کی کہ سوشل سیکورٹی ہسپتال لاہور ادارہ ہٰذا کے ماتھے کا جھومر ہے جو دور حاضر کی جدید ترین سہولیات مثلاً سی ٹی سکین، گیما کیمرہ، میموگرافی مشین،ڈائلیسس، فزیو تھراپی سنٹر، ایڈوانس پیتھالوجیکل لیبارٹری، ہیپاٹائٹس کلینک اور دیگر شعبہ جات سے مزین ہے جبکہ رحمت اللعالمینؐ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں تمام امراض قلب کا تسلی بخش اور شافی علاج معالجہ جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر سوشل سیکورٹی ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر پر میڈیکل سنٹر کا قیام میرا ایک خواب ہے جو تکمیل کے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ تقریب کے اختتام پرکمشنر پنجاب سوشل سیکورٹی تنویر اقبال تبسم نے ہسپتال کے سبزہ زار میں پودا لگا کر شجرکاری مہم جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ڈائریکٹر سوشل سیکورٹی محمد ابراہیم خان، ڈائریکٹر(میڈیکل) ڈاکٹر محمد اصغر علی چوہدری اور چیئرمین ایڈوائزری کمیٹی ڈاکٹر شوکت مامون نے کمشنر پنجاب سوشل سیکورٹی تنویر اقبال تبسم کی خدمات کے اعتراف میں ان کو گلدستہ پیش کیا۔ فیڈریشن آف لیبر یونینز کے مرکزی عہدیداران نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور کمشنر پنجاب سوشل سیکورٹی کا بہاول پور میں سوشل سیکورٹی ہسپتال کے قیام پر شکریہ ادا کیا۔
اقبال تبسم