مشکل گھڑی میں ڈاکٹرز نے ہراول دستے کا کردار جانفشانی سے ادا کیا: آرمی چیف

      مشکل گھڑی میں ڈاکٹرز نے ہراول دستے کا کردار جانفشانی سے ادا کیا: آرمی چیف

  

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز نے مشکل کی اس گھڑی میں جس طرح ہر اول دستے کا کردار جانفشانی سے ادا کیا اس کیلئے وہ تحسین کے لائق ہیں،امید ہے آئندہ بھی ڈاکٹرز مکمل لگن اور محنت سے انسانیت کی خدمت میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز راولپنڈی میں جدید ترین پٹ سی ٹی سکین اینڈ سائیکلوٹرون سسٹم اور بائی پلین انجیوگرافی سسٹم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کیا۔تقریب کا انعقاد آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف ریڈیالوجی اینڈ امیجنگ راولپنڈی میں ہوا۔ اس سہولت سے آرمڈ فورسز اور راولپنڈی اسلام آباد کے علاوہ کے پی کے،آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان کے سویلین مریض بھی استفادہ کر سکیں گے۔اس منصوبے کی کل لاگت کا تخمینہ 6643 ملین روپے ہے ا ور اس کو ایک سال کے قلیل مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا۔اس سے قبل یہ سہولت صرف لاہور اور کراچی کے ہسپتالوں تک محدود تھی۔کینسر کے مریضوں کے علاوہ یہ جدید ترین سکین کارڈیالوجی اور نیورالوجی کے مختلف امراض کے لئے بھی دستیاب ہوگا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ڈاکٹرز نے مشکل کی اس گھڑی میں جس طرح ہر اول دستے کا کردار جانفشانی سے ادا کیا اس کیلئے وہ تحسین کے لائق ہیں،امید ہے آئندہ بھی ڈاکٹرز مکمل لگن اور محنت سے انسانیت کی خدمت میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔بعد ازاں آرمی چیف نے آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف ریڈیالوجی میں بائی پلین انجیوگرافی کا بھی افتتاح کیا،اس سہولت سے فالج کے مریضوں کو بروقت علاج کی سہولت میسر ہوگی۔اس کے علاوہ انٹرنیشنل ریڈیالوجی کی اس سہولت سے دل،اعصاب اور کینسر کے مریضوں کے مختلف امراض کا بغیر آپریشن معمولی پروسیجر سے علاج کیا جاسکے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اے ایف آئی آر آئی پہنچنے پر ایڈجوٹنٹ جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر اور سرجن جنرل لیفٹیننٹ خاور رحمان نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ دریں اثناء آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جاپانی سفیر نے ملاقات کی،اس موقع پرباہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی اورباہمی تعاون پربات چیت کی گئی۔ جاپانی سفیر نے خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔آرمی چیف نے کوررونا وائرس کے خلاف جاپان کے تعاون کو سراہا۔

آرمی چیف

مزید :

صفحہ اول -