ہند،چین کشیدگی خطے کے لئے خطرناک ہے،ایوب بیگ

ہند،چین کشیدگی خطے کے لئے خطرناک ہے،ایوب بیگ

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) ہند چین کشیدگی میں اضافہ سے خطے میں جنگ کے شعلے بھڑک اُٹھیں گے۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے ترجمان ایوب بیگ مرزانے ایک بیان میں کہی۔ اُنھوں نے کہا کہ نیپال کا سرحدی تنازعہ پر بھارت سے احتجاج، بھوٹان کابھارت کاپانی روکنا اور ایل او سی پرپاکستان کی شہری آبادی پر بھارت کی ہر روز بلا اشتعال فائرنگ سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت پر ہمسایہ ممالک کی زمین ہڑپ کرنے کا جنون طاری ہے۔ اِسی جنون میں مبتلا ہو کر بھارت نے چینی سرحد کی طرف تجاوز کیا لیکن چین نے منہ توڑ جواب دیا اور بھارت کی خوب پٹائی کی۔

اُنھوں نے کہا کہ بھارت معقول رویہ اختیار کرے تاکہ خطے کا امن تار تار نہ ہو۔اُنھوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلیوں اور سینٹ نے نبی اکرمﷺ کے اسمِ مبارک کے ساتھ ”خاتم النبیین“ کے لازمی لکھے جانے کی قرارداد منظور کر کے امریکہ کے اس تازہ ترین مطالبے کا منہ توڑ جواب دیا ہے کہ ختم نبوت کے حوالے سے تمام قوانین ختم کیے جائیں۔

اُنھوں نے کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ اگر حکومت‘ پاکستان کو حقیقی اسلامی ریاست بنا دے تو امریکہ جیسے ممالک اِس طرح کے مطالبے کرنا ترک کر دیں۔ اُنھوں نے کہا کہ اِس طرح کے مطالبے اِس لیے کیے جاتے ہیں کہ ہمارے حکمران اور سیاست دان قطعی اور حتمی فیصلہ کرنے کی بجائے تذبذب کی کیفیت میں رہتے ہیں۔ حکومت ِ پاکستان ریاست ِمدینہ کی زبانی رَٹ لگانے کی بجائے اِس حوالے سے عملی اقدم کرے۔ اُنھوں نے کہا کہ امریکہ کے اِس بے ہودہ مطالبے کا اصل جواب پاکستان کو خلافت ِ راشدہ کی مثل ایک ریاست بنانا ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -