حکومت کہیں نہیں جا رہی، شیخ رشید کا ہسپتال سے نکلتے ہی 1لاکھ نوکریوں کا اعلان

حکومت کہیں نہیں جا رہی، شیخ رشید کا ہسپتال سے نکلتے ہی 1لاکھ نوکریوں کا اعلان

  

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو ٹیلیفون کرکے ان کی خیریت دریافت کی ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کورونا کا شکار ہو گئے تھے جس کے بعدانہیں 14 روز کیلئے سی ایم ایچ میں داخل کرلیا گیا تھا۔اس دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کو ٹیلیفون کر کے خیریت دریافت کی تھی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی تھی۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید ملٹری ہسپتال راولپنڈی سے ڈسچارج ہو کر گھر منتقل ہوگئے ہیں۔ وزیر ریلوے 11 جون سے ہسپتال میں زیر علاج تھے اور 7 جون کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر وہ آئیسولیشن میں چلے گئے تھے۔وزیر ریلوے کا گزشتہ روز کورونا ٹیسٹ دوبارہ کیا گیا جس کی رپورٹ منفی آنے پر انہیں ملٹری ہسپتال راولپنڈی سے ڈسچارج کردیا گیا اور وہ گھر منتقل ہوگئے ہیں۔ وہ ایک ہفتہ سے زائد عرصہ ہسپتال میں زیر علاج رہے۔میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ میرا 24 کلو وزن کم ہوگیاہے، ڈاکٹرز نے 7 دن آرام کا مشورہ دیاہے جس پر عمل کر رہا ہوں، میں اب بدلہ ہوا شیخ رشید ہوں۔کورونا وائرس کو شکست دینے والے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو آج ایک مرتبہ پھر پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے ٹیلیفون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی اور کورونا سے صحت یاب ہونے پر انہیں مبارکباد دی۔شیخ رشید نے کہاکہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے صحت یابی پر مبارکباد دی اور دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ ملٹری ہسپتال کے انتظام بہترین تھے۔ ڈاکٹرز اور سٹاف نے بہت خیال رکھا۔ میری صحت سے متعلق کاوشیں ہمیشہ یادرکھوں گا۔میڈیا سے گفتگو کے دوران شیخ رشیدنے کہا کہ کچھ نہیں ہونے جا رہا، عمران خان مدت پوری کریں گے، اپوزیشن اور حکمرانوں کے درمیان بہتر راستے بننے جا رہے ہیں، اختر مینگل کہیں نہیں جاتا، بہت سارے اختر مینگلوں کو جانتا ہوں۔ ایم ایل ون خواب تھا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، مشیر اطلاعات اور چیئر مین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کامیاب بنایا۔ ریلوے اپنے پاؤں پر کھڑی ہونے جا رہی ہے۔ 16 سال قبل ایم ایل ون پر دستخط کیے، آج عمران خان کی قیادت میں ایم ایل ون بننے جا رہا ہے۔ 9 جولائی کو ایکنک میں ایم ایل ون پیش ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نالہ لئی کیلئے شاید مجھے عثمان بزدار کے پاس جا کر بیٹھنا ہی پڑ جائے۔ 10 دن چھٹی پر ہوں، آپ لوگوں کا شکریہ ادا کرنے آیا تھا۔ وفاقی وزیر ریلوے نے اپنے محکمے میں ایک لاکھ نوکریوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ایک لاکھ لوگوں کو نوکریاں میرٹ پر دی جائیں گی۔

شیخ رشید

مزید :

صفحہ اول -