عوام پریشان ہیں، سست روی، کوتاہیاں ختم، سرکاری محکمے اب کا م کر کے دکھائیں: عثما ن بزدار

    عوام پریشان ہیں، سست روی، کوتاہیاں ختم، سرکاری محکمے اب کا م کر کے ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے سدباب، مون سون کی پلاننگ اور عوامی خدمت کے دیگر امور کے بارے میں متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر برہم ہو گئے۔ وزیر اعلی آفس میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس میں وزیر اعلی عثمان بزدار نے بروقت اقدامات نہ کرنے پر متعلقہ حکام کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ محکموں کو اب کام کر کے دکھانا ہو گا، سست روی بالکل برداشت نہیں، سرکاری محکمے عوامی مسائل کے حل کیلئے پیشگی اقدامات کریں،کوتاہی ثابت ہونے پر ذمہ داروں کا تعین کر کے سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ اضلاع میں مون سون کی وجہ سے ہونے والے ممکنہ مسائل کے ازالے کے لئے پلاننگ کی جائے اورعوامی نمائندوں کو مون سون اور دیگر امور کے بارے میں مشاورت میں شریک کیا جائے۔ سپیشل برانچ صوبہ بھر میں ادویات اور اینٹی سپٹیک محلول کے بارے میں جامع رپورٹ پیش کرے۔ سیلاب اور بارشوں کی وجہ سے ممکنہ مسائل کا پیشگی ادراک کیا جائے۔ ادویات اور دیگر اشیاء ضروریہ کے نرخ میں اضافہ قطعاً قابل قبول نہیں۔ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی کی جائے۔ گرانفروشوں کے احتساب کیلئے موثر اور فول پروف نظام وضع کیا جائے۔ فیصل آباد میں واسا کے امور میں کوتاہی اور ابتری انتہائی افسوسناک ہے۔ واسا فیصل آ باد 20 روز میں عدالتی احکامات پر خراب سیوریج کو ٹھیک کرے۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ کورونا کے لئے درکار ادویات کی مقررہ نرخ پر دستیابی یقینی بنائی جائے۔ وزیر اعلی نے کورونا ادویات کے نام اور نرخ ہر فارمیسی کے باہر آویزاں کرنے کا حکم دیا ہے۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے کہا کہ صوبہ میں کورونا کے لئے درکار ادویات اور ان کا خام مال وافر مقدار میں موجود ہے۔ بڑے اضلاع میں 8 اور چھوٹے اضلاع میں 4 فارمیسی پر ادویات کی شب و روز دستیابی یقینی بنائی گئی ہے۔اجلاس میں صوبائی وزراء راجہ محمد بشارت، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمودالرشید، میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری، آئی جی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی وزیر اعلی چیمبرمیں ارکان اسمبلی سے ملاقات میں وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ ترقی پنجاب کے تمام شہریوں کا حق ہے، ماضی میں ہونے والی نا انصافیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔نئے مالی سال کے بجٹ میں زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ ا رکان اسمبلی میرے دست و بازو ہیں، انہیں عزت و احترام دیں گے۔ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے میں ارکان اسمبلی کی تجاویز قابل قدر ہیں۔ہر شہر ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا، پنجاب بدل رہا ہے۔ پنجاب میں ترقی عوام پر خوشگوار اثرات مرتب کرے گی۔ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے تمام تر ممکنہ وسائل فراہم کریں گے۔ملاقات کرنے والوں میں پنجاب اسمبلی میں اراکین اسمبلی محمد منیب سلطان چیمہ، امین اللہ خان، احمد خان، محمد عاطف، محمد امین ذوالقرنین، سعدیہ سہیل رانا، عائشہ نواز، فرح آغا، مہندر پال سنگھ، ہارون عمران گل اور پیٹر گل شامل ہیں۔دریں اثناء سردار عثمان بزدارسے وزیر اعلی آفس میں فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن لاہور کے صدر اقبال چوہدری کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی سابق دور میں روکی جانے والی گرانٹ بحال کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ سابق دور میں ذاتی پسند و نا پسند کی پالیسی نے ملک کا نقصان کیا۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -