عید پر مویشی منڈیاں شہروں سے باہر لگیں گی، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بیوپاریوں اور خریداروں کو جرمانہ ہو گا، کورونا سے مزید 58افراد جاں بحق، 2249نئے مریض سامنے آئے

عید پر مویشی منڈیاں شہروں سے باہر لگیں گی، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ...

  

لاہور (جنرل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)حکومت پنجاب نے عیدالاضحٰی پر شہری حدود سے باہر مویشی منڈیاں لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔مویشی منڈیوں کے قیام کیلئے وزیرقانون پنجاب کی سربراہی میں 9 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جبکہ کمیٹی کو کورونا وباکا پھیلاؤ روکنے کے لیے ایس او پیزتیار کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مویشی مالکان اور خریداروں کو جرمانے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ قربانی کے جانور دیہی آبادی کی معیشت کا اہم جزو ہیں، چاہتے ہیں کہ دیہی آبادی کی معیشت پھلے پھولے۔حکومت پنجاب نے فیصلہ کیا ہے کہ اس سال مویشی منڈیاں جولائی میں شہری حدود سے باہر لگائی جائیں گی، منڈیوں کے مقامات کا تعین متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کریں گے، مویشی منڈیوں میں کوئی بیمار جانور فروخت کے لیے نہ لایا جائے، جانور چیک کرنے کیلیے بھی خصوصی کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں ہیں۔

لاہور،اسلام آباد، کراچی، پشاور (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)ملک میں کورونا سے مزید 58 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 3989 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 196895 تک پہنچ گئی ہے۔اب تک پنجاب میں کورونا سے 1629 اور سندھ میں 1205 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 879افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 109، اسلام آباد میں 119، گلگت بلتستان میں 23 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 25 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ جمعہ کو ملک بھر سے کورونا کے مزید 2249 کیسز اور 58 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جن میں سندھ سے 1150 کیسز 27 ہلاکتیں، پنجاب 796 کیسز 27 ہلاکتیں، اسلام آباد 271 کیسز 4 ہلاکتیں اور آزاد کشمیر سے 32 کیسز سامنے آئے ہیں۔سندھ سے کورونا کے مزید 1150 کیسز اور 27 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جن کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔مراد علی شاہ نے بذریعہ ٹوئٹر بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوراں 5103 نئے ٹیسٹ کیے گئے جن میں 1150 نئے کیسز اور 27 اموات ہوئی۔مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 76318 اور ہلاکتیں 1205 ہوچکی ہیں۔اس کے علاوہ مزید 1252 مزید مریض صحتیاب ہوئے جس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 41992 ہوگئی ہے۔پنجاب سے کورونا کے مزید 796 کیسز اور 27 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن کی تصدیق پی ڈی ایم اے نے کی۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد 71978 اور اموت 1629 تک جا پہنچی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں اب تک کورونا سے 21009 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت سے کورونا کے مزید 271 کیسز اور 4 اموات سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 11981 اور اموات 119 ہو چکی ہیں۔اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 5,839 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔آزاد کشمیر سیکورونا کے مزید 32 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہے۔دوسری طرفکورونا وائرس دنیا بھر میں 4 لاکھ 87 ہزار سے زائد زندگیاں لے گیا، امریکا میں مریضوں کی تعداد 24 لاکھ سے زیادہ ہوگئی جبکہ اموات ایک لاکھ 24 ہزار سے زیادہ ہوگئیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیویارک، نیوجرسی اور کنیٹی کٹ میں متاثرہ علاقوں سے آنے والوں کو تنہائی اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔برازیل میں 53 ہزار، برطانیہ میں 43 ہزار اور بھارت میں تقریبا 15 ہزار افراد کورونا وائرس کی وجہ سے جان سے جاچکے ہیں جبکہ بھارت میں ایک روز میں 17 ہزار افراد میں وائرس کی تصدیق بھی ہوئی ہے۔دنیا بھر میں 96 لاکھ سے زیادہ افراد بیمار اور اب تک 52 لاکھ سے زیادہ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ امریکہ میں جمعرات کو کورونا کی 40 ہزار انفیکشنز ریکارڈ کی گئی ہیں۔انفیکشنز اور ہسپتالوں کے داخلے میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے کچھ ریاستوں نے پابندیوں کو باکل نرم کر کے ریاستوں کو دوبارہ کھولنے کے منصوبوں کو فی الحال روک دیا ہے۔اس سے قبل جے ایچ یو نے سب سے زیادہ انفیکشنز 24 اپریل کو ریکارڈ کی تھیں جو کہ 36 ہزار 400 تھیں۔ یہ اس وقت تھا جب کم ٹیسٹنگ کی گئی تھی۔امریکہ میں اس وقت تقریباً 24 لاکھ تصدیق شدہ متاثرین ہیں جبکہ 1 لاکھ 22 ہزار 370 اموات ہو چکی ہیں جو کہ کسی بھی ملک سے زیادہ ہیں۔اگرچہ روزانہ کی بنیاد پر مریضوں میں اضافہ کچھ تو زیادہ ٹیسٹنگ کی وجہ سے ہے، لیکن کچھ علاقوں میں مثبت ٹیسٹ کی شرح بھی بڑھ رہی ہے۔

کورونا ہلاکتیں

مزید :

صفحہ اول -