قومی کرکٹرز ”پرانی تنخواہوں“ پر ہی کام کریں گے، پی سی بی نے اپنا فیصلہ بدل لیا، کھلاڑیوں کو جھٹکا دیدیا

قومی کرکٹرز ”پرانی تنخواہوں“ پر ہی کام کریں گے، پی سی بی نے اپنا فیصلہ بدل ...
قومی کرکٹرز ”پرانی تنخواہوں“ پر ہی کام کریں گے، پی سی بی نے اپنا فیصلہ بدل لیا، کھلاڑیوں کو جھٹکا دیدیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کی میچ فیس بڑھانے کا ارادہ بدل لیا ہے اور اب سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام پلیئرز ”پرانی تنخواہوں“ پر ہی کام کریں گے، گزشتہ روز بیشتر نے معاہدوں پر دستخط بھی کر دئیے، پہلی بار فیملی کی انشورنس کو بھی کنٹریکٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے گزشتہ دنوں سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافے کا عندیہ دیا تھا، مگر حیران کن طور پر ایسا نہیں ہوا اور سابقہ معاوضوں کو برقرار رکھا گیا ہے۔بیشتر قومی کرکٹرز نے گزشتہ روز نئے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کر دئیے،مثبت کورونا ٹیسٹ کی وجہ سے گھروں تک محدود کھلاڑی بعد میں سائن کریں گے۔

اے کیٹیگری میں شامل پلیئرز کو فی ٹیسٹ7 لاکھ 62 ہزار300 روپے بطور فیس ملیں گے، ون ڈے فیس4 لاکھ 68 ہزار 815 جبکہ ٹی 20 فیس 3 لاکھ 38 ہزار 250 ہے۔ بی کیٹیگری کو 6 لاکھ 65 ہزار 280 (ٹیسٹ)، 3 لاکھ 90 ہزار 33 (ون ڈے) اور 2 لاکھ 70 ہزار 600 (ٹی 20 ) فیس ملے گی۔ سی کیٹیگری کے حامل کرکٹرز کو ٹیسٹ میچ میں بطور فیس 5 لاکھ 68 ہزار 260 روپے دئیے جائیں گے، ون ڈے میچ فیس 3 لاکھ 12 ہزار 543 روپے ہو گی، ٹی 20 میں 2 لاکھ 2 ہزار 950 روپے حصے میں آئیں گے، ایمرجنگ کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو بھی اسی حساب سے ادائیگی ہوگی۔

پی سی بی کی جانب سے مین آف دی میچ کو ٹیسٹ اور ون ڈے میں 3،3 لاکھ جبکہ ٹی 20 میں ڈیڑھ لاکھ روپے دئیے جائیں گے، مین آف دی سیریز کو ٹیسٹ میں 6 لاکھ، ون ڈے میں 5 لاکھ اور ٹی 20 میں ڈھائی لاکھ روپے ملیں گے۔ اے کیٹیگری سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل قومی کرکٹرز کو ڈومیسٹک چار روزہ میچ کھیلنے پر3 لاکھ 30 ہزار، ون ڈے میں 2 لاکھ 10 ہزار جبکہ ٹی 20 میں ڈیڑھ لاکھ روپے بطور میچ فیس دئیے جائیں گے، بی کیٹیگری کو2 لاکھ90 ہزار (چار روزہ) ایک لاکھ 75ہزار (ون ڈے) اورایک لاکھ 20 ہزار (ٹی ٹوئنٹی) میں ملیں گے۔

سی کیٹیگری کیلئے فیس 2 لاکھ48 ہزار (چار روزہ)ایک لاکھ40 ہزار (ون ڈے) اور90 ہزار (ٹی 20 ) ہے، ایمرجنگ کیٹیگری کو بھی اسی حساب سے ادائیگی ہوگی۔ واضح رہے کہ اے کیٹیگری میں اظہر علی، بابراعظم اور شاہین شاہ آفریدی جبکہ بی میں عابد علی، اسد شفیق، حارث سہیل، محمد عباس، محمد رضوان، سرفراز احمد، شاداب خان، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

سی کیٹیگری میں فخر زمان، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، نسیم شاہ اور عثمان شنواری جبکہ ایمرجنگ پلیئرز میں حیدر علی، حارث رﺅف اور محمد حسنین کو رکھا گیا ہے، معاہدوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا، پہلی بار کھلاڑیوں کے ساتھ اہل خانہ کی بھی انشورنس کو کنٹریکٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

مزید :

کھیل -