چین کی معیشت کو بھی جھٹکا لگ گیا، کوونا وائرس کے بعد فیکٹریاں کھلیں تو نئی مشکل میں پھنس گئیں
بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے خلاف انتہائی کڑے اقدامات کرکے خود کو اس موذی وباءسے تو بچا لیا لیکن دیگر ممالک کی اس وباءکے پھیلاﺅ کو روکنے میں ناکامی کے سبب چینی معیشت کو بھی بڑا جھٹکا لگ گیا ہے۔ وال سٹریٹ جرنل کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے متعلق عائد کی گئی پابندیوں میں نرمی کے بعد لگ بھگ تین ماہ سے زیادہ سے زیادہ فیکٹریاں کھل رہی تھیں اورپیداوار شروع ہو رہی تھی، جس سے لگ رہا تھا کہ چینی معیشت بہت جلد واپس اپنی ڈگر پر آجائے گی لیکن چین کی فیکٹریاں تو چل گئیں مگر باقی ممالک میں وباءپھیل جانے کے باعث اب ان چینی فیکٹریوں کی مصنوعات کے غیرملکی خریدار نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مئی کے مہینے میں چینی فیکٹریوں کو بیرون ممالک سے ملنے والے آرڈرز میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی ہے۔ چنانچہ ایک طرف فیکٹریوں میں پیداوار کی جانچ کرنے والے ادارے بتا رہے ہیں کہ پابندیاں اٹھنے کے بعد لگ بھگ سبھی فیکٹریاں چالو ہو گئی ہیں اور پیداوار میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے لیکن دوسری طرف ان فیکٹریوں کی خریدوفروخت کی نگرانی کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ انہیں بیرون ممالک سے آرڈرز کی شرح انتہائی کم ہو گئی ہے۔