حاملہ خاتون کی دو بچہ دانیاں، ہر ایک میں ایک بچی، میڈیکل تاریخ کا انوکھا ترین واقعہ
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک حاملہ لڑکی طبی معائنے کے لیے ہسپتال گئی جہاں اس کا سکین کرنے سے ایسا انکشاف ہوا کہ ڈاکٹر بھی حیران رہ گئے۔ میل آن لائن کے مطابق اس 28سالہ کیلی فیئرہرسٹ نامی لڑکی کو ڈاکٹروں نے سکین کرنے کے بعد بتایا کہ وہ جڑواں بچوں کی ماں بننے والی ہے مگر حیران کن طور پر اس کے جسم میں دو بچے دانیاں ہیں اور ان دونوں بچے دانیوں میں ایک ایک بچہ پرورش پا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سکین کے وقت خاتون 12ہفتے کے حاملہ تھی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی خاتون میں دو بچے دانیاں ہونا اور جڑواں بچوں کو ان میں الگ الگ موجود ہونا طبی تاریخ کا انوکھا ترین واقعہ ہے۔ ہزاروں میں کوئی ایک خاتون دو بچے دانیوں کے ساتھ پیدا ہوتی ہے لیکن ان میں سے ایک ہی بچے دانی کے ذریعے وہ حاملہ ہوتی ہے۔ ایسے کیس طبی تاریخ میں نہ ہونے کے برابر ہیں کہ جن میں دونوں بچے دانیوں کے ذریعے بیک وقت ایک ایک بچہ پیدا ہوا ہو۔ماہرین کے مطابق ایسا واقعہ 5کروڑ کیسز میں کوئی ایک ہو سکتا ہے۔