"ملک میں اب غریب کے پیسوں پر عیاشی کا رواج نہیں" شہباز گل نے رانا ثنااللہ کی تقریر کا جواب دے دیا

"ملک میں اب غریب کے پیسوں پر عیاشی کا رواج نہیں" شہباز گل نے رانا ثنااللہ کی ...

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ماضی میں کرپٹ عناصر نے جمہوریت کے نام پر لوٹ مار کی لیکن ملک میں اب غریب کے پیسوں پر عیاشیوں کا رواج نہیں۔

قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ کی تنقید کے جواب میں شہباز گل نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کو لگ رہا ہے کہ وزیراعظم آفس میں نواز شریف ہیں جو قوم کا پیسہ اندھا دھند لوٹ رہے ہیں،عمران خان ایک ایک پیسے کا حساب لیتے ہیں، آپ کا کام دن رات جھوٹ بولنا ہے اور اس کے علاوہ آپ نے سیکھا ہی کیا ہے؟ ایمانداری میں آپ اور آپ کے آقاؤں کا عمران خان سے کیا مقابلہ؟ کہاں عمران خان اور کہاں ٹھگوں کا میلہ؟۔ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ اب بادشاہ سلامت والا دور نہیں رہا، اب غریب کے پیسوں پر عیاشیوں کا رواج نہیں، بیرونی دوروں پر پوتے، نواسے، سمدھی اور پورا ٹبر لے کر جانے والوں کو قوم بھولی نہیں، سابق حکومتوں نے سرکاری پیسہ بے دریغ اڑایا اور شاہانہ انداز زندگی اپنائے، کرپٹ عناصر نے جمہوریت کے نام پر لوٹ مار کی، وزیراعظم عمران خان نے کفایت شعاری کی مثال قائم کی ہے، غریب عوام کا درد رکھنے والے وزیراعظم اور جمہوریت کے نام پر لوٹ مار کرنے والوں کا فرق واضح ہے۔

معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ ڈیوس دوروں پر نواز شریف، شاہد خاقان عباسی اور یوسف رضا گیلانی نے خطیر رقم خرچ کی، سب سے زیادہ اخراجات نواز شریف کے دورے پر آئے تھے، نواز شریف نے 7 لاکھ 62 ہزار ڈالرز، شاہد خاقان عباسی نے 5لاکھ 61ہزار ڈالرزجبکہ یوسف رضا گیلانی کے دورے پر4لاکھ 59 ہزار ڈالرز کا خرچ آیا، وزیراعظم عمران خان کے 3 روزہ دورے پر صرف 68 ہزار ڈالرز خرچ ہوئے۔ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے دورہ امریکا پر بھی کفایت شعاری کی مثال قائم کی تھی، جولائی 2019 میں عمران خان کے دورہ واشنگٹن پر 67 ہزار 180 ڈالرز خرچ ہوئے تھے، نواز شریف نے 2013 میں 5 لاکھ 49 ہزار 853 ڈالرز، 2009 میں آصف زرداری نے 7 لاکھ 52 ہزار 688 ڈالرز خرچ کیے، وزیراعظم عمران خان نے دورہ نیویارک بھی کم ترین اخراجات میں مکمل کیا تھا، آصف زرداری نے نیویارک دورے پر 13 لاکھ 9 ہزار 620 ڈالرز، نواز شریف نے 11 لاکھ 13 ہزار 142 ڈالرز جب کہ شاہد خاقان عباسی نے نیویارک کا دورہ کیا تو 7 لاکھ 5 ہزار 19 ڈالرز خرچ کر ڈالے تھے۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -